• news

کوشش ہے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز اپنے نام کریں : رمیز راجہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہاہے کہ وہ چیئرمین بعد میں اور کرکٹر پہلے ہیں۔انہوںنے کہا کہ  وہ ہر چیز کو کرکٹ کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پنڈی کی وکٹ پر شائقین کا جو غصہ تھا وہ جھنجھلاہٹ میری بھی تھی، اس کو کلیئر کرنا چاہ رہا تھا کہ پنڈی کی وکٹ کس طرح بنی۔ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں بہت پیچھے ہے، انفراسٹرکچر کے حوالے سے بھی اور وکٹ کے حساب سے بھی، تو ہمیں اس پر بہت کام کرنا پڑے گا جس میں ہمیں وقت لگے گا۔ پاکستان میں کرکٹ بحال ہو رہی ہے، ہم نے چھوٹے چھوٹے قدم لے کر ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کی ہے، آسٹریلیا کی فل سٹرینتھ ٹیم آئی تو شائقین کی بڑی تعداد بھی سٹیڈیم میں نظرآئی آسٹریلیا کے خلاف سیریز مختلف لحاظ سے بہت اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے بھی یہ سیریز بہت اہم ہے، کوشش کریں گے پاکستان کی وکٹوں میں جان ڈالیں لیکن اس کام میں وقت لگے گا۔ سندھ میں موجود کرکٹ ٹیلنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ زاہد محمود، شاہ نواز دھانی سندھ میں ٹیلنٹ کی مثالیں ہیں، ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کہ ایسے سپاٹ بتائیں کہ جہاں سے ہم ٹیلنٹ تلاش کر سکیں۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیزراجہ نے پنڈی کے بعد کراچی میں بھی ڈیڈ پچ بنانے پر غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے کیوریٹرز کی سرزنش کی ہے اور انہیں وارننگ بھی دی ہے ۔ انہیں ٹیسٹ میچز کیلئے فیصلہ کن پچز بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ رمیز راجہ نے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے تیار کی گئی پچ کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ طلب کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے گفتگو میرا حق ہے، میں پچ پر بات کیوں نہ کروں۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کرکٹرز کے ساتھ ہوں، ہر چیز کو کرکٹر کی نظر سے دیکھتا ہوں، شائقین کی طرح میرے بھی تحفظات ہیں کہ کس حساب سے پنڈی ٹیسٹ کی وکٹ تیار کی یہ بتانا ضروری تھا۔ ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز اپنے نام کریں۔ آسٹریلیا نے اپنی بہترین ٹیم پاکستان بھیجی ہے، 24 برس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد پر شائقین کا جذبہ قابل دید ہے، ان میں جوش و خروش بھی نظر آرہا ہے۔ جب بڑے کھلاڑی ایکشن میں ہوتے ہیں تو شائقین بھی سٹیڈیم کا رخ کرتے ہیں، یہ امر خوش کن ہے کہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے، اس ضمن میں پاکستان نے بہت کوششیں بھی کی ہیں۔ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں ابھی بہت پیچھے ہے، ہمیں انفرا سٹرکچر کے حوالے سے بہت سارے اقدامات کرنے ہیں۔صوبے سے مزید باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کی کوشش کریں گے، اس کیلئے سندھ حکومت سے بھی مدد اور تعاون کی درخواست کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن