پاکستان اور برطانیہ : تاجروں ک ے لئے وسیع مواقع موجود ہیں:برٹش ڈپٹی ہیڈ آف مشن
کراچی ( کامرس رپورٹر ) برٹش ڈپٹی ہیڈ آف مشن مارٹن ڈاوسن نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی وسفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے لیے تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔یہ بات انہوں نے کراچی کے معروف تاجر، فلاٹیلسٹ ، سابق چیئرمین کے سی سی آئی ڈپلومیٹک سب کمیٹی عارف بالاگام والا( تمغہ امتیاز) کے ٹکٹوں کی بین الاقوامی نمائش’’ لندن 2022‘‘ میں گولڈ میڈل جیتنے کے اعتراف میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔برٹش ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے 75سالوں میں پہلی بار نمائش میں کسی پاکستانی کے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر عارف بالاگام والا کے لیے یہ ایک بڑا او ر منفرد اعزاز ہے جنہوں نے دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج شاندار انداز میں پیش کیا۔عارف بالاگام والا نے اپنی کامیابی کو پاکستان کے نام کرتے ہوئے کہا کہ لندن نمائش میںگولڈ میڈل جیتنا ان کا خواب تھا جو پورا ہوا ۔