• news

لاہور میں واٹر میٹر لگانے کا معاہدہ: اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے: عثمابزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سمارٹ واٹر میٹر لگیں گے۔ واسا اور غیر ملکی کمپنی کے درمیان سمارٹ واٹر میٹر لگانے کے حوالے سے معاہدہ ہوگیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں سمارٹ واٹر میٹر کی تنصیب کے سلسلے میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ Xiang لاہور واٹر میٹرنگ کمپنی اور واسا کے حکام نے معاہدے پر دستخط کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ معاہدے کے تحت لاہو رمیں 7لاکھ 11ہزار سے زائد سمارٹ واٹر میٹر لگائے جائیں گے۔ کمپنی  93%گھریلو اور7%کمرشل سمارٹ میٹر لگائے گی۔ کمپنی 10 سال تک سمارٹ میٹر کی تنصیب اور دیکھ بھال کرے گی۔ سمارٹ ڈیجیٹل واٹر میٹر کی بدولت گھر گھر جا کر ریڈنگ لینے کی ضرورت نہیں۔ سمارٹ ڈیجیٹل واٹر میٹر سے پانی کی بچت ہوگی اور واسا کا ریونیو بڑھے گا۔ معاہدہ خوش آئند ہے۔ اس کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے پہلا منصوبہ ہے۔ اسدکھوکھر، حسان خاور، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہاؤسنگ، واسا حکام، چینی کمپنی کے عہدیداران اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت اور حامد یار ہراج نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم پاکستان پر لانگ مارچ کا اعلان قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ پی ڈی ایم کو قومی مفادات کا رتی بھر بھی احساس نہیں۔ یہ لوگ اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے قومی مفادات کو داؤ پر لگارہے ہیں۔ پی ڈی ایم نے سیاسی ناپختگی اور غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا۔ موجودہ حالات میں منفی سیاست کی ذرا سی بھی گنجائش نہیں۔ اپوزیشن کی سیاست کسی اصول یا نظریے کی بنیاد پر نہیں۔ اپوزیشن کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے اور ساتھ رہے گی۔ تحریک انصاف متحد ہے اور حکومت مدت پوری کرے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔ صوبہ بھر میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ نافذ کیا جا چکا ہے جس سے لاکھوں صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں کنزیومر کورٹس قائم کی جا چکی ہیں اور نئے پاکستان میں کوئی بھی صارف اپنے حقوق سے محروم نہیں ہو گا۔ ادھر عثمان بزدار نے رحیم یار خان کے قریب گاڑی نہر میں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن