• news

امپائر پاکستان کیساتھ ہے، معاملات حل نہ ہونئے تو دمادم مست قلندر ہوگا: شیخ رشید


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس 172 ووٹ موجود نہیں۔ ان کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے۔ آج صبح تک عمران خان کے حق میں اچھا فیصلہ آئے گا۔  چودھری برادران کو مشورہ ہے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں، وہ 4 سال اس پارٹی کے ساتھ رہے ہیں۔ سارے اتحادی لوٹ کر عمران خان کے پاس واپس آئیں گے۔ لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 4 ماہ سے فضل الرحمان لانگ مارچ کی بات کررہے ہیں، اپوزیشن 23 مارچ کو آئے کسی کو نہیں روکیں گے۔ امپائر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ بلاول سے میرا کبھی بھی جھگڑانہیں رہا۔ اپوزیشن ملک میں انارکی پھیلانے سے گریز کرے، آخری گزارش ہے ملک کو انتشارکی طرف نہ جانے دیں، عدم اعتماد کے بجائے کچھ اور بھی نکل سکتا ہے۔ اللہ کے فضل و کرم سے امپائر پاکستان کے ساتھ ہیں، میں جن کوجانتا ہوں ان کو پاکستان کی فکر ہے، میں جن کوجانتا ہوں وہ ان کو سمجھا رہے ہیں کہ اپنے معاملات باہمی افہام و تفہیم سے طے کریں، میں جن کوجانتا ہوں وہ جمہوریت کے سپورٹرز ہیں، اگر معاملات حل نہ ہوئے تو دمادم مست قلندر ہو گا، اپوزیشن ملک میں انارکی نہ پھیلائے۔ ان کاکہنا تھا کہ اپوزیشن نے 4 سال میں کنفیوژن پھیلائی ہے، ایک سال الیکشن میں رہ گیا ہے، یہ ساری سامراجی سنڈیاں ڈی چوک میں فارغ ہو جائیں گی، ان کا اوپر والا خانہ خالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 4 سال پورے ہوگئے ہیں ایک سال اور وہ ٹکا کے لگائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ق لیگ کے بارے میں کچھ کہوں گا تو وہ خفا ہو جائے گی، غیرت مند، باضمیر امتحان کے وقت اپنے ساتھیوں کیساتھ کھڑا ہوتا ہے، امتحان کے دنوں میں پیٹھ دکھانے والے کو قوم لیڈر نہیں مانتی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے مقبول جلسے ہو رہے ہیں، 27 تاریخ کو ان کا10 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا پروگرام ہے، جلسہ کرنا ان کا حق ہے، میں نے عمران خان کو کہا آپ نے جلسے کرنے میں ایک مہینے کی دیر کی۔ میری پارٹی جس کا آپ طعنہ دے رہیں وہ پاکستان کے لیے سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 سے 30 مارچ تک بڑا ہی زور دار اور جوڈو کراٹے کا ہفتہ ہے،27 مارچ کو پی ٹی آئی کا جلسہ اتوار کے دن ہے، اس لیے کوئی ووٹ ڈالنے نہیں آ رہا۔ فضل الرحمن وہ ماوزے تنگ نہیں، مولانا ایک عالم دین ہیں۔ انہیں سمجھنا چاہیے کہ مولا جٹ کی سیاست نہیں چلے گی، نتائج خوفناک اور خطرناک ہوسکتے ہیں، آپ 23 مارچ کوآئیں آپ کو پورا تحفظ دیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن