پارلیمنٹ حملہ کیس صدر: علوی، وفاقی وزراء شاہ محمود،شفقت محمود سمیت82 افرادبری
اسلام آباد (وقائع نگار) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کی عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزراء سمیت 82 افراد کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں۔گزشتہ روز دائر بریت درخواستوں پر سماعت کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر تعلیم شفقت محمود اور پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزمان کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی اور کہاکہ دیگر ملزمان بھی آ جائیں تو اس کے بعد فیصلہ سناتے ہیں اور عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔ اسی دوران وفاقی وزیر اسدعمر، وفاقی وزیر دفاع پرویزخٹک بھی عدالت آئے اور حاضری لگوانے کے بعد واپس چلے گئے۔ بعد ازاں دوبارہ سماعت شروع ہونے پر عدالت نے ڈاکٹر عارف علوی، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، شوکت یوسفزئی، عبدالعلیم خان، جہانگیر ترین، اعجاز چوہدری، شفقت محمود، سیف اللہ نیازی، راجہ خرم نواز، امجد رشید سمیت82 افراد شامل ہیں کی بریت درخواست منظور کر لی گئیں۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے ہی مقدمہ سے بری ہوچکے ہی اور پراسیکیوشن نے ملزمان کی بریت درخواستوں پر کوئی مخالفت نہیں کی، جبکہ پارلیمنٹ حملہ کیس کا مقدمہ 30 اگست 2014ء کو تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا تھا۔