کراچی ٹیست بابراعظم کی سنچری، پاکستان کو فتح کیلئے مزید 314 رنز درکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق نے میراتھن پارٹنرشپ بناکر چوتھا دن ختم کروادیا۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 97 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 506 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب کیلئے پاکستان نے 2وکٹوں پر 192رنزبنالئے ہیں ‘ دوسری اننگز میں بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوا اور محض 2 رنز پر پہلے ٹیسٹ کے مین آف دی میچ امام الحق ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 21 کے مجموعے پر اظہر علی بھی آؤٹ ہوگئے۔ بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے شاندار شراکت بنائی جبکہ قومی ٹیم کے کپتان نے اپنے کیریئر کی چھٹی اور آسٹریلیا کیخلاف دوسری سنچری بھی مکمل کی۔ دن کے اختتام تک دونوں بیٹرز کے درمیان 358 گیندوں پر 171 رنز کی پارٹنرشپ ہوچکی تھی ۔ کپتان بابر اعظم 102 اور عبداللہ شفیق 71 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں جو پانچویں دن کھیل کا آغاز کریں گے جبکہ آخری دن پاکستان کو جیت کیلئے 314 رنز درکار جبکہ آٹھ وکٹیںباقی ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ اور مارنوس لابوشین نے گزشتہ روز کی نامکمل اننگز کا آغاز کیا۔چوتھے دن کے ابتداء میں ہی مہمان ٹیم کو 97 کے مجموعی سکور پر 44 رنز بنانے والے مارنوس لابوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔مارنوس لابوشین کو شاہین آفریدی نے بولڈ کیا جس کے فوری بعد مہمان کپتان نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا۔آسٹریلیا نے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 505 رنز کی برتری حاصل کی اور پاکستان کو ٹیسٹ جیتنے کیلئے 506 رنز کا ہدف دیا۔ حسن علی اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 148 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 556 رنز 9 وکٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔