سپریم کورٹ فیصل واوڈا کی نشست پر نثار کھوڑو کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد
اسلام آباد (نیٹ نیوز) سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کی نشست پر نثار کھوڑو کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ الیکشن کمشن کے وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا کی خالی نشست پر 9 مارچ کو الیکشن ہوا، ان کی نشست پر جیتنے والے امیدوارکا نوٹیفکیشن ابھی جاری نہیں ہوا، کیس کا نوٹس کل موصول ہوا، جواب جمع کرانے کے لیے وقت درکار ہے۔ فیصل واوڈا کے وکیل نے کہا کہ واوڈا کی جگہ جیتنے والے امیدوار کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے، سپریم کورٹ کے حکم امتناعی کی وجہ سے معاملات زیر التوا ہیں۔ فیصل واوڈا کے وکیل کے مؤقف پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے کسی نوٹیفکیشن کو نہیں روکا، فیصل واوڈا کی خالی نشست پر امیدوارکی جیت عارضی ہے، اگر فیصل واوڈا کیس ہار جاتے ہیں تو جیتنے والے امیدوار کی لاٹری نکل جائے گی۔ غلط بیان حلفی اور اس کے بعد آپ کے کنڈکٹ کے نتائج تو ہوں گے، الیکشن کمشن کے پاس الیکشن ایکٹ کے سیکشن 9 کے تحت اختیارات ہیں، الیکشن کمشن نے جس شق کے تحت نااہلی کی اس کو بھی دیکھیں گے، کیس کو لٹکانا نہیں چاہتے، نثار کھوڑو کو بھی فریق بنانا چاہتے ہیں تو بنالیں، اگر ان کا انتظار کیا تو کیس تین 4 ہفتے مزید لٹک جائے گا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمشن کو جواب جمع کرانے کیلئے وقت دے دیا اور سماعت اپریل کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔