مائنس پی ٹی آئی قومی حکومت بنائی جائے ، عمران سے ہاتھ ملانے کی خواہش نہیں : شہباز شریف
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے مائنس پی ٹی آئی قومی حکومت بنانے کی تجویز دے دی۔ شہبازشریف نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ہٹا کر قومی حکومت بنائیں۔ قومی حکومت 5 سال خدمت کرے۔ پی ٹی آئی نے معاشرے میں زہر گھولا ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ اپوزیشن کی سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں بہار آئی ۔ عمران خان کو ایماندار وزیراعظم کہنا چھوڑ دیں۔ عمران خان 2 ارب ڈالر بھی واپس لے آتے تو قومی خدمت ہوتی۔ تبدیلی کے نعرے کے نتیجے میں پاکستان معاشی طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ عمران خان کو ایبسولیوٹلی ناٹ کہنے کی کیا وجہ تھی۔ مہنگا ترین تیل خریدا گیا سستی گیس نہیں خریدی۔ پاکستان میں ڈاکہ زنی کے ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں۔ روپیہ گر رہا تھا اور چینی برآمد میں اربوں روپے سبسڈی دی گئی۔ وزیراعظم سے ہاتھ ملانے کی کوئی خواہش نہیں۔ وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں۔ چینی اور ادویات میں اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کردیا گیا۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں اتار چڑھائو آیا۔ امریکہ نے اڈے نہیں مانگے تھے۔ ایشین ڈویلپمنٹ بنک رپورٹ کے مطابق بی آر ٹی میں کرپشن ہوئی۔ نعرہ لگایا تھا وزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنائوں گا۔ نوازشریف کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ پونے چار سال اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا۔ ماضی میں پرویز الٰہی سے ہمارا تعلق رہا ہے۔ پرویز الٰہی کے گھر گیا بڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی۔ ق لیگ، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی سے رابطہ ہے۔ کوشش ہے تینوں جماعتوں کو قائل کرسکیں۔ جو پاکستان کے بہترین مفاد میں ہوگا وہی کریں گے۔ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی۔ سیاست میں کل کے دوست آج کے مخالف ہوجاتے ہیں۔ نوازشریف پارٹی قائد ہیں ان سے مشاورت کرتے ہیں۔ نوازشریف نے چودھریوں کی بات پر اظہار خوشی اور مجھے سلام پہنچانے کو کہا۔ چودھریوں نے کہا پرانے تعلقات بحال اور آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے کئی ارکان نے کہا عمران خان بدترین حکمران ثابت ہوئے۔ پی ٹی آئی کے کتنے ارکان ہمارے ساتھ ہیں عدم اعتماد کے دن پتہ چل جائے گا۔