سندھ ہاؤس میں نوٹوں کی بوریاں لیکر ضمیر کے خریدار موجود : عمران
اسلام آباد، سوات (خبرنگار خصوصی، نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سندھ ہاؤس میں لوگ نوٹوں کی بوریاں لے کر ضمیر خریدنے بیٹھے ہیں۔ سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سندھ کے عوام کا پیسا بوریاں بھر کر آیا ہے، سندھ سے گارڈ بھی لائے ہیں تاکہ کوئی اندر نہ آئے، دنیا کے سامنے بے شرمی سے ہمارے لوگوں کو خریدنے آئے ہیں، لوگوں کے ضمیر کی بولی لگائی جارہی ہے، قوم پر لازم ہے کہ برائی کے خلاف کھڑی ہو، الیکشن کمشن سے بھی پوچھتا ہوں کہ کیا آئین میں ہارس ٹریڈنگ کی اجازت ہے؟۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہیں ڈر ہے کہ عمران خان تھوڑی دیر اور رہ گیا تو یہ جیل جائیں گے، اگر یہ لوگ کامیاب ہوگئے تو سب سے پہلا کام نیب کو ختم کرنا ہوگا، میرے شکار کے لیے 3 چوہے نکلے ہیں ، میں ان تینوں کا شکار کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 100 گیدڑوں کی قوم جس کا سردار شیر ہو وہ قوم جیت جائیگی اور 100 شیروں کی قوم جس کا لیڈر نواز شریف جیسا ہو وہ نہیں جیتے گی۔ نوازشریف جب پرچیاں پکڑ کر امریکی صدر کے سامنے بیٹھے ہوئے تھے۔ اگر میرے بھی اربوں روپے ملک سے باہر پڑے ہوتے تو میں بھی ان کے صدر کے سامنے پرچیاں لیکر بیٹھا ہوتا۔ چوری کے پیسے نے ان کو غلام بنایا ہے اور امریکہ کے سامنے جھکا دیا ہے۔ انہوں نے اپنی حرکتوں سے ہمیں بھی دنیا میں ذلیل کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوگل کر کے دیکھیں کیا کبھی ہوا تین دفعہ کا وزیراعظم بیرون ملک بیٹھا ہو‘ بیٹی کے نام پر چار بڑے‘ بڑے محلات، کسی ایک محل کی منی ٹریل نہیں دے سکے۔ شہباز شریف یورپی یونین‘ امریکی سفیر کے سامنے سوٹ پہن کر انگریزی بولتا ہے۔ کہتا ہے میں تمہاری طرح ہوں۔ شہباز شریف نے مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 375 کروڑ جمع کرائے‘ عدالت جب سوال پوچھتی ہے تو شہباز شریف کی کمر میں درد اور کبھی وکیل بھاگ جاتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا چوری کے پیسوں سے 20,20 کروڑ روپے میں ضمیروں کی بولی لگائی جا رہی ہے‘ 27 مارچ کو اسلام آباد میں انسانوں کے سمندر کو دعوت دی ہے‘ چاہتا ہوں قوم اسلام آباد نکلے اور دنیا کو بتا دے ہم چور‘ ڈاکو‘ منافقوں‘ امریکہ کے غلاموں کے خلاف کھڑے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ سب چور ایک طرف ہوگئے۔ انہوں نے مجھے موقع دیا اب ایک گیند سے 3 وکٹیں گریں گی۔ وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ہمارے دور میں زراعت میں سب سے زیادہ پیسا آیا، گندم، مکئی اور چاول کی ریکارڈ فصل ہوئی، ملک میں 50 سال بعد10 نئے ڈیم بن رہے ہیں، جس سے زراعت میں انقلاب آئے گا۔وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ امریکی صدر سمیت کوئی بھی ہو اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ہوں۔ اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد منظور ہونے پر آج صبح میں نے اٹھ کر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کیا ہے‘ ہم تین سال سے اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد کی منظوری کیلئے کوشش کر رہے تھے۔ فضل الرحمن مدرسے کے بچوں کو میرے خلاف سڑکوں پر نکالتے ہیں‘ مجھے یہودی کہتے ہیں‘ شرم آنی چاہئے جسے یہودی کہتے ہو‘ اس نے وہ کام کیا جو آپ 30 سال میں نہ کر سکے۔ عمران خان نے کہا کہ قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے بعد سب سے بڑا کام اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کی منظوری ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اگلے چند روز پاکستان کی تاریخ میں فیصلہ کن دن ہیں کہ کیسا پاکستان بنے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف منظور ہونے والی قرارداد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری مسلمان دنیا سے مجھے مبارک باد مل رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن آ رہے ہیں‘ صرف ان لوگوں کو ووٹ دینا ہے جو بلے کی نشان پر کھڑے ہیں اور جو بلے خلاف کھڑے ہوئے ہیں ان کو بیٹھ جانا چاہئے کیونکہ ہمیں یہ الیکشن جیتنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد مسلمانوں کے خلاف مغرب میں ایک نفرت کی لہر چلی‘ انہوں نے ایسا تاثر دیا کہ اسلام کی وجہ سے دہشت گردی ہے‘ دوسرا وہ ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کرتے تھے اور جو بھی اس کے خلاف مظاہرہ کرے تو وہ آزادی رائے کے نام پر ہمیں برا بھلا کہتے تھے۔ اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی قرارداد 57 ملکوں نے پیش کی۔ اسلاموفوبیا کا سب سے زیادہ نقصان جو مسلمان مغربی ممالک میں تھے، ان کو ہوتا تھا، داڑھی والا نکلتا تھا تو اس کو برا بھلا کہتے تھے، مسلمان عورت حجاب کرتی تھی تو اس کو گالیاں نکالتے تھے اور آج بیرون ملک پاکستانی اور مسلمان خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل بھارت میں عدالت نے فیصلہ دیا کہ مسلمان لڑکیاں حجاب نہیں کرسکتیں، اس کو اسلاموفوبیا کہتے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ بھارت میں تعصب اور تنگ نظر آر ایس ایس کی حکومت اسلام کے خلاف ہے اور مسلمانوں کی دشمن ہے، عدالت نے فیصلہ کیا کہ عورت اپنے سر پر چادر نہیں لے سکتی، یعنی عورتین کپڑے اتار تو سکتی ہیں لیکن زیادہ کپڑے پہن نہیں سکتی، یہ اسلاموفوبیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم دین کی میں عزت کرتا ہوں، لیکن فضل الرحمن سے پوچھتا ہوں کہ 30 سال سے ہر حکومت میں آپ شامل ہوئے، دین کے نام پر سیاست کرتے ہیں، کبھی آپ نے کسی مغربی رہنما کے منہ پر اسلاموفوبیا کے خلاف ایک لفظ بھی نکالا ۔ آج اقوام متحدہ نے تسلیم کیا ہے کہ اسلاموفوبیا کے خلاف دنیا کو آواز بلند کرنی چاہیے اور 15 مارچ ہر سال اسلاموفوبیا کے خلاف دن بنا دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو غلام لوگ ہوتے ہیں، ان کا کوئی عقیدہ نہیں ہوتا، اس طرح کے لوگوں کا جن کا پیسہ خدا ہوتا ہے، جو پیسے کی پوجا کرتے ہیں، ان کی کانپیں ٹانگیں گی، امریکی صدر کے سامنے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا امریکہ کے غلاموں کے خلاف سوات کی عوام پوری قوم کے ساتھ مل کر 27مارچ کو اپنا فیصلہ سنائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جنگ میںسوات کے لوگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں چار سو سے زیادہ ڈرون حملوں میں ہمارے ہزاروں گھر اُجڑ گئے کیا ان چوروں نے کبھی ان کے خلاف آواز اُٹھائی ہے، ہم نے مشکل حالات میں بھی پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں کو کم کرکے لوگوں کو ریلیف دیا اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی، اس کے علاوہ اپنے بچوں کا مستقبل بچانے کے لیے10 ارب درخت لگا رہے ہیں اور 50 سال بعد پاکستان میں 10 ڈیم بھی بنا رہے ہیں۔ جلسہ سے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے لٹیروں کو این آراو دینے سے انکار کیا تو وہ اپنی چوری چھپانے کے لئے اکٹھے ہوگئے ہیں لیکن یہ حکومت کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی سوات آمد اور جلسہ گاہ پہنچنے پر سینیٹر فیصل جاوید نے سٹیج سنبھالا اور تقریر کرتے ہوئے کہا پرویز الٰہی کے بیان سے بلاول، زرداری اور مولانا کی’’ کانپیں ٹانگ‘‘ رہی ہیں کیونکہ عمران خان ایک ایماندار اور ملک کے مخلص لیڈر ہے، آنے والے الیکشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر کوئی تھوکے گا بھی نہیں۔ مزید برآں ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اسد عمر، پرویزخٹک اور فواد چوہدری سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں اتحادیوں سے روابط اور حالیہ بیانات پرگفتگو ہوئی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور 27 مارچ کے جلسہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران اسماعیل نے وزیراعظم عمران خان کو ایم کیو ایم سمیت اتحادیوں کے ساتھ رابطوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے گورنر سندھ سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہم اپوزیشن کو شکست دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے بدھ کو بھی ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ارکان قومی اسمبلی مخدوم زین حسین قریشی، محمد ابراہیم خان، طاہر اقبال، اورنگزیب خان، ریاض فتیانہ، سردار نصراللہ دریشک، نجیب ہارون، سردار محمد خان لغاری، عاصمہ قدیر اور جویریہ ظفر نے وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ جب کہ سندھ سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی صائمہ ندیم، ممبر صوبائی اسمبلی سندھ رابیعہ اظفر، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی مبین جتوئی اور ارسلان گھمن نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں وفاقی وزرا مخدوم شاہ محمود قریشی، مخدوم خسرو بختیار، سید علی زیدی اور معاون خصوصی ملک عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق ارکان پارلیمان نے وزیر اعظم کو اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے تدارک کے حوالے سے قرارداد منظور ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی، ہماری کوششوں سے عالمی سربراہان بشمول روسی صدر پیوٹن اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے آواز اٹھائی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میں پوری مسلم امہ کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نے اراکین کو اپنے حلقوں میں کارکنان کو متحرک کرنے کی ہدایت کی۔