آرمی چیف سے نائیجیرین وزیر دفاع ، بحرین کے نیشنل گارڈز کمانڈر کی ملاقات
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیشنل گارڈ آف بحرین کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسی بن سلمان الخلیفہ نے بدھ کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں نے خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور کامیاب بارڈر مینجمنٹ کو بھی سراہا۔ دریں اثناء چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل ریٹائرڈ بشیر صالحی مگاشی نے بدھ کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نائیجیریا کو افریقی براعظم میں ایک اہم ملک کے طور پر دیکھتا ہے اور ہم علاقائی امن کے لیے نائیجیریا کے کردار کو سراہتے ہیں۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔