• news

پیچھے نہیں ہٹیں گے، وقت ثابت کرے گا ان کے پاس 24 لوگ ہیں یا کم: شہباز گل


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی کوششیں پوری قوم کے سامنے ہیں۔ تاہم ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے چاہے حکومت رہے یا نہ رہے۔ شہباز گل نے سندھ ہائوس میں موجود حکومتی ارکان کے نام سامنے آنے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے خود صحافیوں کو بلا کر انٹرویوز کرائے اور حزب اختلاف جو کوشش کر رہی ہے۔ حزب اختلاف کی ڈوریں بیرونی آقائوں کے حکم پر ہلتی ہیں لیکن عوام کو سب کچھ نظر آ رہا ہے اور عوام بہتر جج ہے۔ سب کو پتہ ہے پیپلز پارٹی کس طرح کی جماعت ہے۔ حکومت کی قانونی ٹیم ارکان قومی اسمبلی پر لائحہ عمل طے کرے گی۔ راجہ ریاض کو اپنے حلقے کے عوام کو جواب دینا ہو گا اور آج جو ہو رہا ہے اس کا ردعمل ان ارکان قومی اسمبلی کو خود دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت ثابت کرے گا ان کے پاس 24لوگ ہیں یا کم۔ عمران خان اگر اس وقت اکیلا بھی ہو گیا تو قوم کو پتہ ہے کہ وہ ٹھیک ہے یا غلط، بہت سارے لوگ جو پہلے چھپ جاتے تھے اس بار ان کے چہروں سے نقاب ہٹ جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں جو نقصان پہنچے گا وہ تو پہنچے گا اور نظر آ رہا ہے کہ عمران خان اکیلے ہی یہ جنگ لڑیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن