کوئٹہ میں دہشت گردی کا خطرہ، سکیورٹی ہائی الرٹ، حساس عمارتوں پر اہلکار تعینات
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی جبکہ بازاروں اور مارکیٹس میں رش نہ ہونے کے برابر تھا جبکہ نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند رہے ہیں۔ جگہ جگہ ناکے لگاکر مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی کا سلسلہ بھی جاری رہا جبکہ پولیس اہلکار گھوڑوں پر گشت کرتے رہے۔ اسی طرح بازاروں، مارکیٹ ،حساس عمارتوں پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ سکیورٹی تھریٹس کے باعث محکمہ تعلیم کے احکامات کی روشنی میں صوبے کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ میٹرک کے سالانہ امتحانات کے ہونے والے پیپرز کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے آج سے صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو کھلنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میٹر ک کے امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے۔