جنرل ندیم کا دورہ جرمنی و سوئٹزر لینڈ‘ فوجی سربراہوں سے تعاون بڑھانے پر گفتگو
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کا سرکاری دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے جرمنی کی دفاعی افواج کے سربراہ جنرل ایبر ہارڈ زورن سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے سمیت باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور خطے بالخصوص افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ جنرل ندیم رضا نے اپنے دورہ جرمنی کے دوران ہیمبرگ میں واقع جرمن انفنٹری سکول اور کولبینز میں موجود سینٹر فار انٹرنل لیڈرشپ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں اداروں کے نصاب اور دائرہ کار کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں جنرل ندیم رضا نے سوئٹزرلینڈ کا بھی دورہ کیا جہاں سوئس مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل تھامس سوسلی سے ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعلقات کے امور سمیت عالمی و علاقائی امن وسلامتی کے حالات اور دونوں مسلح افواج کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون کی وسعت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے جنیوا سینٹر فار سکیورٹی پالیسی (جی سی ایس پی) کا بھی دورہ کیا۔ جی سی ایس پی ایک ایسی بین الاقوامی فاؤنڈیشن ہے جو بین الاقوامی امن اور سلامتی کی جامع پالیسی میں تعلیم و تربیت فراہم کرتی ہے۔ دورے کے دوران، جنرل ندیم رضا نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے افغانستان کے اندر مفاہمت کی ضرورت پر زور دیا۔