• news

عوام نے 4 برس عمران کی فضول باتیں سن لیں، اب عدم اعتماد کردیا: حمزہ شہباز

لاہور (نیوزرپورٹر، اپنے نامہ نگار سے) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام نے 4 سال عمران نیازی کی فضول باتیں سن لیں، اب عمران نیازی پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔  عمران میں نہ مانوںکے اصول پر عملدرآمد کرتے ہیں، حکومتی اتحادی بھی کہتے ہیں وزیراعظم ہماری بات نہیں سنتے، عوامی نمائندوں نے عوام کے پاس جانا اور جواب دینا ہوتا ہے، منتخب نمائندوں کا مؤقف ہے عوام کے سامنے کیا منصوبہ لے کر جائیں گے، عمران نیازی نے 4 سال میں کون سا تیر مارا ہے۔ قبل ازیں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔ شہباز شریف کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، عدالت کو بتایا گیا کہ شہباز شریف اسلام آباد میں مصروف ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے، عدالت نے بھی استدعا منظور کرلی اور حمزہ شہباز کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔ شہباز شریف کے وکیل نے دلائل کے لئے مہلت طلب کی اور کہا کہ رمضان شوگر ملز میں بریت کی درخواست پر دو ہفتے کا وقت دے دیں، شہباز شریف چاہتے ہیں کہ سماعت ان کی موجودگی میں ہو جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر اسد اللہ ملک نے ملزموں کے وکیل کی جانب سے لمبی تاریخ کی مخالفت کی۔ حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا ہدف یہ ہے کہ عمران نیازی سے چھٹکارا ہو ، یہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، اس کی باتوں کو ایک کان سے سنیں دوسرے سے نکال لیں، اتحادی بہت جلد پاکستان کے عوام کی رضا دیکھیں گے، میڈیا عمران نیازی کو بے نقاب کرے یہ عین ثواب ہے۔ میں ساری راز کی باتیں نہیں کر سکتا، وزارت اعلی اور وزارت عظمی پاکستان کی سالمیت کے آگے بہت چھوٹے ہیں، اس وقت پاکستان کو خطرات لاحق ہیں اور معیشت تباہ ہے، کسی کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ وہ سارے مسائل حل کریں، تمام سیاسی جماعتوں کو بٹھا کر طے کریں گے، پاکستانی قوم بہت پہلے سے عمران نیازی پر عدم اعتماد کر چکی ہے، ضمنی بلدیاتی انتخابات میں عوام نے عدم اعتماد کیا۔ عوام کے گھر بنانے کے خواب چکنا چور ہوگئے، جعلی وزیر اعظم جلسوں میں للکارتا پھرتا ہے۔ عمران حکومت کے دن گنے چکے ہیں۔ ہم اسے کٹہرے میں لائیں گے کہ ایک کروڑ نوکریاں اور گھر کہاں گئے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت 2اپریل تک ملتوی کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو جرح کے لیے طلب کر لیا ہے۔ شریک ملزم سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ سمیت دیگر نے حاضری مکمل کرائی۔مسلم لیگ ن کے اجلاس کے بعد گفتگو میں حمزہ شہباز نے کہا ہے کھنڈرے اور عوام دشمن حکمرانوں خیر کی توسیع نہیں کا جانا ٹھہر گیاہے صبح گئے یا شام گئے۔نیازی ٹولے کا اب اقتدار میں رہناملک اور عوام کے لئے مزید تباہی کا باعث ہوگا۔ گورننس نام کی چیز اس صوبے سے مدت ہوئی رخصت ہو چکی ہے۔ اقتدار کے مزے لوٹتے والے نااہل حکمرانوں کو عوام کے جان و مال کی پروا نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن