• news

پاکستان ‘آسٹریلیا ون ڈے ‘ٹی ٹونٹی سیریز راولپنڈی سے لاہور منتقل 


لاہور+اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کے میچز راولپنڈی سے لاہور منتقل کر دیئے گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں وائٹ بال کرکٹ میچز کروانے کی تصدیق کر دی ہے، میچز کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور میچز کا مقام سیاسی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے تبدیل کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے بھی لاہور میں ون ڈے سیریز اور ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ ون ڈے سیریز کا آغاز 29 مارچ سے ہونا ہے جس کا دوسرا میچ 31 مارچ اور تیسرا میچ دو اپریل کو شیڈول ہے جبکہ واحد ٹی ٹونٹی میچ پانچ اپریل کو کھیلا جاء گا۔ تین ایک روزہ میچز دوپہر تین بجے شروع ہوں گے۔ ماہ رمضان کی وجہ سے پانچ اپریل کو ہونیوالے ٹی ٹونٹی کے آغاز کا وقت رات ساڑھے آٹھ بجے رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وائٹ بال سیریزکی ٹکٹوں کی فروخت پیر یا منگل سے شروع ہوگی۔ سیاسی صورتحال کے تناظر میں میچزلاہور میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس میں تمام میچز راولپنڈی سے لاہور منتقل کرنے کی تصدیق کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن