اللہ کریم اپنی رحمت کے طلبگار کو کبھی مایوس نہیں فرماتا: مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع مسجد محمدی فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا کہ اللہ تعالیٰ سے رحمت و کرم کی امید عبادت کی روح ہے اوراللہ کریم کو یہ بات بہت پسند ہے کہ سیاہ کار ، خطاکار بے عمل گناہگار اپنے برے اعمال پر نادم ہوتے ہوئے اس کی بارگاہ میں جھکے اور اپنے گناہوں کی معافی اور بخشش مانگے تو وہ اسے مایوس و نامراد نہیں لوٹاتا۔وہ ناصرف اس کے گناہوں کو معاف فرما دیتا ہے بلکہ اس کے گناہوں کو نیکیوں میں تبدیل کر دیتا ہے وہ ہر چیز پر قادر ہے فرمان الٰہی ہے ’’کون ہے جو اپنے رب کی رحمت سے مایوس ہوتا ہے سوائے گمراہ لوگوں کے‘‘ اس جہان فانی میں ہر شخص سوائے نبیوں ، رسولوں اور نیک لوگوں کے اپنے بشری تقاضوں کے تحت گناہوں میں ملوث ہو جاتا ہے پھر جس اسے احساسِ گناہ ہو جاتا ہے اور وہ اپنے رب کے حضور گڑگڑا کر معافی کا طلبگار ہوتا ہے تو اس کا رب اسے مایوس نہیں کرتا شرط صرف یہ ہے کہ توبہ سچے دل اور نیک نیتی سے کی جائے پھر اس کی رحمت کا امیدوار ہوں۔