طالبان کا لڑکیوں کو آئندہ ہفتے سکول جانے کی اجازت دینے کا اعلان
کابل(این این آئی ) افغان طالبان نے آئندہ ہفتے سے ہائی اسکول کھلنے پر افغانستان میں لڑکیوں کو تعلیمی اداروں میں واپس جانے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس سے قبل کئی ماہ تک اس حوالے سے غیریقینی صورتحال کے بادل منڈلا رہے تھے کہ آیا طالبان لڑکیوں اور خواتین کو تعلیم تک مکمل رسائی کی اجازت دیں گے یا نہیں۔وزارت تعلیم کے ترجمان عزیز احمد ریان نے کہا کہ سکول تمام لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے کھولے جا رہے ہیں۔البتہ انہوں نے واضح کیا کہ لڑکیوں کے لیے کچھ شرائط ہیں، طالبات کو لڑکوں سے الگ اور صرف خواتین اساتذہ کے ذریعے پڑھایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ان دیہی علاقوں میں جہاں خواتین اساتذہ کی کمی ہے، وہاں بڑی عمر کے مرد اساتذہ کو لڑکیوں کو پڑھانے کی اجازت ہو گی۔