کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف ہڑتال، مظاہرے ، مزید 15نو جوان گرفتار
سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے قتل عام میں اضافے، گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال رہی ،ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکے رہ گئی ،کئی مقامات پر کشمیریوں نے احتجاجی مظاہرے کئے،ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ،کے پی آئی کے مطابق سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکو ں پر ٹریفک معطل رہی جس سے عام زندگی متاثر رہی،سرینگر میں ہڑتا ل کے موقع پر سیکورٹی مزید سخت کردی گئی تھی جگہ جگہ فوجی دستے تعینات تھے جبکہ فوجی گشت میں بھی اضافہ کیا گیا تھا سخت سیکورٹی کے باوجود کشمیریوں نے کئی مقامات پر سڑکو ں پر نکل کر احتجاجی مظاہرے کئے ،علاو ہ ازیں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا موثر نوٹس لیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فو ج نے نوجوانوں کے خلا ف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کردیا ہے اس دوران پتھر بازی کرنے والوں کی نشاندہی کرکے 15کو حراست میں لیا گیا ے اور ان سے پوچھ تاچھ جاری ہے۔