آسٹر یلیا کو ٹیسٹ سیز یز ہرانا مشن ، قذافی اسٹیڈیم میں تگڑی کر کٹ کیلئے تیار ہیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ لیگ سپنر یاسر شاہ ابھی مکمل فٹ نہیں جس کی وجہ سے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں شامل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے لاہور میں ورچوئل پریس کانفرنس میںکہا کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ کی بہت کمی محسوس ہو رہی ہے۔ یاسر شاہ کی انجری کا مسئلہ نہیں بلکہ اصل مسئلہ اس کا آؤٹ آف فارم ہونا ہے، یاسر شاہ کو فٹ نہ ہونے کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔ یاسر شاہ محنت کر رہا ہے، جب ہم سمجھیں گے کہ یاسر اب مکمل فٹ اور بہترین فارم میں ہے تو اس کو بلا لیں گے۔لاہور ٹیسٹ کے حوالے سے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم میں تگڑی کرکٹ کیلئے ہم تیار ہیں، ہمارا مشن آسٹریلیا کو ہرا کر سیریز جیتنا ہے، جس کی کوشش کریں گے۔کراچی ٹیسٹ میں کھلاڑیوںآنے نا ممکن کو ممکن بنایا اور آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں تاریخ رقم کی، قومی ٹیم نے جس طرح شاندار کارکردگی دکھائی اس پر میں فخر محسوس کر رہا ہوں۔پچز کے حوالے سے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں موسم اثر انداز ہوا تھا، راولپنڈی میں خراب موسم کی وجہ سے کھیل متاثر ہوا، تاہم دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فواد عالم نے اپنے انداز میں پرفارمنس دی ہے، فواد عالم کو پہلی اننگز میں بہت اچھا گیند پڑا جس سے وہ آئوٹ ہوئے، یقین ہے کہ وہ لاہور میں بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہیں گے۔ہیڈ کوچ نے ساجد خان کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ٹیسٹ میچز میں ساجد خان نے بہترین بائولنگ کی۔انہوںنے کہا ہے کہ کراچی ٹیسٹ کا جس طرح اختتام ہوا وہ تاریخی لمحہ تھا۔ لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے اسے ممکن کر دکھایا۔ ایشز سیریز جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف ایک ہزار گیندیں کھیلنا بڑی بات ہے، میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں جس طرح لڑکوں نے آسٹریلیا کو جواب دیا بہترین تھا۔ رضوان کا یہ کہنا میرا ایک سو اور نعمان کا صفر برابر کہنے والی بات دل کو چھو گئی۔ دوسرے ٹیسٹ کی وکٹ ٹیسٹ کرکٹ کے معیار کے مطابق تھی اور دوسرے ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں کا مکمل ٹیسٹ ہوا۔ یاسر شاہ فٹنس میں پیچھے تھے اور اس لیے منتخب نہیں ہوئے کیونکہ یاسر شاہ کی میچ پریکٹس بھی نہیں تھی لیکن اسے مس تو کر رہے ہیں۔ فواد عالم کا بیٹنگ سٹانس رنز کی رکاوٹ میں نہیں ہے۔ تیسرے ٹیسٹ میں مشکل کرکٹ کھیلنا پڑے گی جس کیلئے تیار ہیں، شان مسعود سمیت جو لوگ سکواڈ میں نہیں وہ بھی پلان کا حصہ ہیں۔ ہم بھی قذافی سٹیڈیم میں رزلٹ چاہتے ہیں کیونکہ خالی باتیں اچھی نہیں لگتیں۔