• news

 پاکستان فٹبال کے مستقبل پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) فیفا کی نامزد نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ فیفا ہائوس کا چارج ملنے سے پاکستان فٹبال کے مستقبل پر چھائے خدشات کے بادل چھٹ گئے ہیں،اپنے مینڈیٹ سے انصاف کرتے ہوئے فیڈریشن کے صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائیگا،پاکستان میں فٹبال کے تمام سٹیک ہولڈرز ہمارے لئے محترم ہیں،فیفا چارٹر کے مطابق غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گے۔فیفا ہائوس میں نارملائزیشن کمیٹی کے ارکان شاہد نیاز کھوکھر، سعود ہاشمی اور بیرسٹر حارث عظمت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارملائزیشن کمیٹی کو آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکے جانے پر پاکستان فٹبال کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، ایسا نہ ہوا ہوتا تو آج ملک میں یہ کھیل درست سمت میں گامزن ہوتا تاہم خوشی کی بات ہے کہ بالآخر حکومت اور اسٹیک ہولڈرز نے حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بحران صورتحال سے نکلنے کا راستہ تلاش کرلیا، اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان اور وزارت برائے بین الصوبائی رابطہ امور کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور میڈیا نے اہم کردار ادا کیا، سارے معاملے میں فیفا نے بھی صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کیا۔انہوں نے کہا کہ فیفا ہائوس کا چارج ملنے کے بعد پاکستانی کی عالمی فٹبال میں تنہائی ختم ہونے کا وقت زیادہ دور نہیں، ماضی میں کلبز کے اہم ترین شعبے کو سیاسی مصلحتوں کا شکار کیا گیا، فٹبال کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے کوئی سسٹم ہی نہیں بن سکا،نارملائزیشن کمیٹی کو ان معاملات میں سدھار لاکر صاف اورشفاف انتخابات کروانے کا مینڈیٹ ملا ہے۔پاکستان میں فٹبال کے تمام سٹیک ہولڈرز ہمارے لئے محترم اور فٹبالرز ہمارا اثاثہ ہیں،فیفا ہائوس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، ہر مثبت تجویز کا خیر مقدم کریں گے لیکن فیفا چارٹر کو پیش نظر رکھتے ہوئے نارملائزیشن کمیٹی مکمل طور پر غیر جانبدار رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کریگی،اس دوران پاکستانی ٹیموں کی انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت یقینی بنائیں گے۔ فٹبال ہیڈ کوارٹرز کا چارج منتخب باڈی کے سپرد کرنے سے قبل کلبز رجسٹریشن سمیت ایک پائیدار سسٹم چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں، اس ضمن میں فٹبال برادری اور میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن