ایشیا کرکٹ کپ ٹی ٹونٹی فارمیٹ پر رواں سال سری لنکا میں ہوگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین کرکٹ کونسل نے رواں سال ایشیا کپ کرانے کی منظوری دیدی ہے، اس بات کا فیصلہ بورڈ کی اہم ترین میٹنگ میں کیا گیا۔ رواں سال ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک سری لنکا میں کھیلا جائیگا، ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ٹی ٹونٹی ہوگا۔ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق ٹورنامنٹ کے کوالیفائر میچز کا آغاز 20 اگست سے ہوگا۔ایونٹ میں پاکستان ‘میزبان سری لنکا ‘بنگلہ دیش ‘افغانستان ‘بھارت سمیت چھ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔ چھٹی ٹیم کوالیفائنگ رائونڈ کے ذریعے شامل ہوگی ۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں ایشیا کپ کے شیڈول کی منظوری دی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ رمیز راجہ نے دورچوئلی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے شرکا نے قطر کو ایسوسی ایٹ سے فل بورڈ ممبر بنانے اوراے سی سی کے صدر جے شاہ سمیت ایگزیکٹو بورڈ ممبران کی مدت میں 2سال کی توسیع کی منظوری بھی دی۔یہ تمام عہدیدار 2024تک ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہر دو سال بعد کیا جاتا ہے، سال دو ہزار بیس میں گورننگ باڈی ایشین کرکٹ کونسل نے کرونا کے باعث ٹورنامنٹ منسوخ کردیا تھا۔دوہزار اکیس میں ٹورنامنٹ کے آغاز کیلئے سری لنکا کے وینیو کا انتخاب کیا گیا تاہم اس بار بھی کرونا وائرس نے منتظمین کی امیدوں پر پانی پھیرا۔بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم رہی ہے، جس نے 14 ایڈیشنز میں سے 7 بار اسے اپنے نام کیا، پانچ بار سری لنکا نے ایشیا کپ کی ٹرافی اٹھائی جبکہ پاکستان صرف دو بار یہ اعزاز اپنے نام کرسکا۔