• news

جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں، چیف ایگزیکٹو پی سی بی فیصل حسنین نے جاوید میانداد کو پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر اعزازی ٹوپی اور پلاک پیش کی۔اس سے قبل وسیم اکرم ،فضل محمود اور ظہیر عباس بھی پی سی بی ہال آف فیم کا باضابطہ حصہ بن چکے ہیں۔پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننے والے جاوید میانداد نے کہا کہ پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بننا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔جب ایک کرکٹر پاکستان کرکٹ کے معاملات کی سربراہی سنبھالتا ہے تو ایسے خوش آئند فیصلے کیے جاتے ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ایک کھلاڑی کتنی قربانیاں دے کر اس مقام تک پہنچتا ہے۔ جب بھی وہ میدان میں اترتے تھے تو وہ ٹیم اور اپنے ملک کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کیا کرتے تھے، وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے سخت محنت کیا کرتے تھے۔ وہ اپنے کیرئیر کی ہر اچھی اننگز کو ماضی میں چھوڑ کر مستقبل پر نظر جمایا کرتے تھے، ان کی کوشش ہوتی تھی کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر اگلے میچ میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنے دور میں بہترین کھلاڑیوں کا ساتھ نصیب ہوا  جنہوں نے ہمیشہ ان کی حمایت اور حوصلہ افزائی کی، وہ کیرئیر میں بھرپور حوصلہ افزائی کرنے پر پاکستانی عوام کے بھی مشکور ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وہ جاوید میانداد کو باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، یہ ان کی کرکٹ کیلئے بے پناہ خدمات کا اعتراف ہے۔جاوید میانداد جب بیٹنگ کے لیے میدان میں اترتے تھے تو کچھ بھی ناممکن نہیں رہتا تھا۔، جاوید میانداد کے مداح ان کی بہت عزت اور تعریف کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن