• news

رمضان کیلئے 8ارب کا ریلیف پیکج، 2021ء کے نر خوں پر اشیا فراہم ہو نگی: عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) بزدار حکومت کا رمضان المبارک میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے تاریخ کا بڑا رمضان پیکج۔ وزیر اعلی عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر رمضان پیکج کے لئے 8 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ رواں برس رمضان بازاروں میں عوام کو 2021ء  کی قیمتوں کے مطابق اشیاء ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ 10کلو آٹے کا تھیلہ 375 روپے کا ملے گا۔ زرعی فیئر پرائس شاپس پر آلو، پیاز، ٹماٹر سمیت 13آئٹمز عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں سبزیوں، پھل اور دالوں کی سستے داموں فراہمی پر 1 ارب 25 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ صوبے بھر میں 317 رمضان بازار  25شعبان سے فنکشنل ہو جائیں گے۔ رمضان بازاروں کے اوقات کار صبح 9بجے سے افطار تک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماہ مقدس میں کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کیلئے خصوصی ریلیف پیکج دیا ہے۔ رمضان پیکج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام بنایا گیا ہے۔ رمضان پیکج کی پائی پائی حقدار کو پہنچائی جائے گی۔ رمضان پیکج کی خود نگرانی کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن