• news

مسائل حل نہیں کئے‘ ناراضی پر الزامات لگا دیئے: غفار وٹو‘ ریاض مزاری

اسلام آباد‘ روجھان (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) منحرف ایم این اے نور عالم خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم اب بھی تحریک انصاف کے ایم این ایز ہیں کسی جماعت کو جوائن نہیں کیا۔ ہمیشہ اسمبلی میں عوام کے مسائل پر بات کی ہے۔ 63 اے اس وقت لگتا ہے جب کوئی اپنی جماعت کے خلاف ووٹ ڈالتا ہے۔ پی ٹی آئی کے منشور میں جو کچھ ہے میں نے ان کو صرف وہ بتایا۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق رکن قومی اسمبلی غفار وٹو نے کہا ہے کہ 2018ء میں حلقہ این اے 166 بہاولنگر سے آزاد حیثیت سے جیتا۔ الیکشن جیتنے کے بعد پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ اس وقت پی آئی کا نعرہ تھا کرپشن مکاؤ۔ میں ان ساڑھے تین سالوں میں اپنے حلقے میں ایک کام بھی نہ کروا سکا۔ میرا مطالبہ تھا کہ میرے حلقے کو سی پیک اور موٹروے کے ساتھ لنک کیا جائے، جب ہمارا کام نہیں ہوتا ہم کوئی ناراضگی کا اظہار کرتے ہیں تو ہم پر الزام لگا دیئے جاتے ہیں۔ میں لعنت بھیجتا ہوں پیسے لینے والے پر، رشوت لینے اور دینے والا جہنمی ہے۔ میں سندھ ہاؤس گیا ہی نہیں وہ بھی الزام لگایا گیا۔ روجھان سے خبر نگار کے مطابق ایم این اے سردار ریاض محمود مزاری نے آڈیو پیغام کے ذریعے اپنے حلقے کی عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ آج کل بہت پروپیگنڈا ہو رہا ہے بیس کروڑ میں فروخت ہو گیا ہے۔ ہر بندے کو معلوم تھا کہ میں حکومت سے ناراض ہوں۔ مجھے کسی قسم کی کوئی وزارت کی بھی ضرورت نہ تھی۔ میں تین چار وجوہات کی وجہ سے حکومت سے ناراض تھا۔ تحصیل روجھان میں امن و امان کا مسئلہ حل نہیں ہو رہا تھا۔ عوام سے ووٹ مانگے تو امن و امان کی بحالی اور نہری پانی کی فراہمی  کے لیے وعدہ پر عوام سے ووٹ مجھے ملے۔ ڈیڑھ سال سے وزیراعلی عثمان بزدار مجھے ملنے کے لئے ٹائم نہیں دے رہا۔ ایک سال سے وزیراعظم عمران خان بھی ٹائم نہیں دے رہا۔ پیسے دینے کے باوجود ابھی تک سوئی گیس کی فراہمی کے پراجیکٹ پر عملدرآمد نہیں کرایا جا سکا۔ لوگ مجھے اپنے مسائل بیان کرتے ہیں اور میرے پاس کسی قسم کا کوئی جواب نہیں ہوتا۔ ایم این اے سردار ریاض محمود مزاری کا آڈیو پیغام وائرل ہوتے ہی حلقے کی عوام کے جواب آنا شروع ہوگئے۔ حلقے کی عوام نے ہر فیصلے میں ساتھ چلنے کا عندیہ دیا۔

ای پیپر-دی نیشن