کرونا ، چین میں ایک سال بعد 2ہلاکتیں ، وبا کا خاتمہ بہت دور: عالمی صحت
بیجنگ‘ جنیوا‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی + خبر نگار) کرونا وائرس کی جائے پیدائش چین میں ایک سال بعد 2 افراد وباء سے ہلاک ہو گئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں کرونا وائرس کے شکار 2 مریض دوران علاج جان کی بازی ہار گئے۔ چین میں ایک سال سے زائد عرصے بعد کرونا سے پہلی بار ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 60 سال کے لگ بھگ ہے۔ چین میں اس وقت کرونا سے 30 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔ چین میں کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 638 ہو گئی ہے۔ چند روز قبل ہی چین کے ٹیکنالوجی کے حب شینزین میں کرونا میں یومیہ کیسز میں اضافے کے باعث لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس سے ایک کروڑ سے زائد آبادی گھر میں قید ہو کر رہ گئی۔ عالمی ادارہ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا ابھی خاتمے سے دور ہے۔ جاری کیے گئے بیان میں ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کا خاتمہ ابھی بہت دور ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ کچھ ممالک میں رواں ہفتے کرونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ ہم ابھی کرونا کی وبا کے وسط میں موجود ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کا1 مریض زندگی کی بازی ہارا جبکہ مزید 375 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید286 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ وائرس کے کیسز کی شرح 1 اعشاریہ 13 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ملک بھر میں وائرس کے 15 ہزار 800 زیرِ علاج مریضوں میں سے 506 کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 14 لاکھ 75 ہزار 759 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔