صوبہ بہاولپور کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہونگے، سعود مجید
بہاولپور( محمد اقبال دانش سے ) مسلم لیگ ن کے سابق سینیٹر، نائب صدر پنجاب و امیدوار قومی اسمبلی این اے 172 چوہدری سعود مجید نے نوائے وقت کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ تبدیلی کا خواب ملکی معیشت کیلئے جان لیوا ثابت ہوا ہے۔دشمن قوتوں نے ملک کے منتخب وزیراعظم میاں نواز شریف کی حکومت ایک سازش کے تحت ختم کر کے ترقی کی شاہراہ پر گامزن ملک کو ڈی ریل کیا۔ اپوزیشن کے پاس نمبرز گیم پورے ہیں عدم اعتماد ہر صورت کامیاب ہوگی اور حکومت کو گھر جانا ہو گا۔ بلدیاتی الیکشن کے بجائے قومی الیکشن ہوتے نظر آتے ہیں۔ 2018 کے الیکشن میں کامیابی کیلئے صوبہ کارڈ کھیلا گیا لیکن چار سال مکمل ہونے کو ہیں اور ابھی تک لولی پاپ دیا جا رہا ہے۔ ہمیں جنوبی پنجاب یا سرائیکی صوبہ پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن ہمارا کیس مختلف ہے اور بہاولپور صوبہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے جس کی بحالی کے مطالبہ سے دستبردار نہیں ہو سکتے ہیں۔ پی ٹی آئی اور حکومتی اتحادیوں نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ، مہنگائی اور بے روز گاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ کرپشن کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے احتساب کے نام پر مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔