ویمنز کرکٹ ورلڈ ‘ پاکستان ‘ویسٹ انڈیز آج مقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمنز ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہو گا ۔ قومی ٹیم اس سے قبل مسلسل چار میچوں میں شکست کھاچکی ہے ۔ نیوزی لینڈ میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے میچ میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک وکٹ سے شکست دیدی ۔ نیوزی لینڈ کی ویمنز ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 203رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔کپتان سوفی ڈیوائن 41رنز بناکر آئوٹ ہوئیں ۔ میڈی گرین 52رنز پر ناٹ آئوٹ رہیں ۔ کیٹ کراس اور سوفی اکلسٹون نے تین تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم نے ہدف 9وکٹوں پرپورا کرلیا اور سیمی فائنل دوڑ میں جگہ برقرار رکھی ہے۔ نیٹ سکائیور 61اور کپتان ہیتھر نائٹ 42رنز بناکر نمایاں رہیں ۔ نیٹ سکائیور کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلوی ویمنز ٹیم سر فہرست ہے اور سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے ۔ پانچ میچ جیتے اور دس پوائنٹس ہیں ۔ جنوبی افریقن ویمنز ٹیم چار میچ جیت کر آٹھ پوائنٹس کیساتھ دوسرے ‘ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم پانچ میں سے تین میچ جیت کر چھ پوائنٹس کیساتھ تیسرے اور بھارتی ویمنز ٹیم پانچ میں سے دو میچ جیت کر چار پوائنٹس کیساتھ رن ریٹ کی بنیاد پر چوتھے نمبر پر ہے ۔ انگلینڈ کی ٹیم پانچ میں سے دو میچ جیت کر چار پوائنٹس کسیاتھ پانچویں ن‘نیوزی لینڈ کی ٹیم چھ میں سے دو میچ جیت کر چار پوائنٹس کیساتھ چھٹے ‘بنگلہ دیش کی ٹیم چار میں سے ایک میچ جیت کر دو پوائنٹس کیساتھ ساتویں نمبر پر ہے ۔ پاکستان ٹیم نے چار میچ کھیل کر کوئی میچ نہیں جیتا اور آخری نمبر پر ہے۔