• news

انتظامیہ کی ہدایت پر پی ٹی آئی پر یڈ گرائونڈ میں جلسہ کرے گی، اپوزیشن جناح ایو پر نضد


اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف نے انتظامیہ کی ہدایت پر 27مارچ کا جلسہ ڈی چوک سے پریڈ گرائونڈ منتقل کردیا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے حکمران جماعت اور اپوزیشن کو ریڈ زون ڈی چوک میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور سینٹرل سیکرٹریٹ کے  سربراہ سید زاہد حسین کاظمی نے ڈی چوک میں جلسہ کیلئے درخواست دی۔ ڈپٹی کمشنر نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات میں کہا کہ ڈی چوک کی بجائے وہ اپنا 27 مارچ کے جلسے کو کسی دوسرے مقام پر لے جائیں جس کے بعد پی پی ٹی آئی رہنمائوں نے جلسہ پریڈ گرائونڈ میں منتقل کرنے کی درخواست دی جو ڈپٹی کمشنر نے منظور کر لی۔ ڈی سی آفس کے سامنے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ پریڈ گرائونڈ کا جلسہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا۔ سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ عوام سمجھ گئے ہیں کہ عمران خان نے 30 سال کے سارے چور ایک جگہ اکٹھے کردئیے ہیں۔ اب یہ گند صاف ہوگا، پریڈ گرائونڈ بڑی جگہ ہے۔ ڈی چوک عمران خان کے جلسے کیلئے کم پڑ جانا تھا۔
اسلام آباد (رپورٹ: رانا فرحان اسلم) اپوزیشن جماعتوں کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے کے بعد جلسے کے اہتمام کیلئے جگہ کے انتخاب پر انتظامیہ کے ساتھ گفت وشنید جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن بضد ہے کہ جلسہ ڈی چوک کے سامنے جناح ایونیو پر کرنے کی اجازت دی جائے۔ جلسے کی میزبانی مسلم لیگ ن کرے گی۔ تاہم اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے حکومت اور اپوزیشن دونوںکو ریڈ زون میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے دونوں کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ریڈ زون میں دو ماہ کے لئے دفعہ 144کا نفاذ ہے اس لئے ریڈ زون سے باہر جلسوں کے انعقاد کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے حکومت کو پریڈ گرائونڈ (اسلام آباد ہائی وے سے متصل) اور اپوزیشن کو ایچ نائن (سری نگر ہائی وے کے ساتھ) جلسے کا آپشن دیا ہے۔ دونوں طرف سے ایک ہی جگہ جلسہ کرنے سے تصادم کا خدشہ بھی ہے جس سے حالات بگڑ سکتے ہیں، ریڈ زون میں زیادہ لوگوں کے آنے سے سکیورٹی مسائل ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن