• news

سپیکر پر آرٹیکل 6 لگائیں‘ فاروق نائیک: پہلے والوں پر عمل کرا لیں: اٹارنی جنرل 


اسلام آباد (اعظم گِل) وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر سپریم کورٹ کی درخواست پر سماعت کے موقع پر  شہباز شریف اور بلاول، رضا گیلانی اکٹھے ہی سپریم کورٹ پہنچے جبکہ  فضل الرحمٰن بعد میں الگ سے ٰ آئے۔ شیری رحمان، نوید قمر اور فیصل کریم کنڈی کو پولیس نے وی آئی پی گیٹ سے انٹری سے روک کر پاس لے کر پبلک گیٹ سے آنے کا کہا جس پر شیری رحمن نے برہمی کا اظہار کیا۔ معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گِل مقدمہ کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں پہنچے اور پیچھے کھڑے کیس سنتے رہے۔جبکہ فواد چوہدری، حماد  اظہر اور بابر اعوان کیس کی سماعت ختم ہونے کے قریب عدالت میں پہنچے۔کمرہ عدالت کھچا کھچ بھرا ہواتھا۔ بہت زیادہ رش ہونے پر چیف جسٹس نے کھڑے افراد کو باہر جانے کا کہا۔ چیف جسٹس نے کہا آج ہمارے مہمان بھی عدالت میں آئے ہوئے ہیں ۔ بلاول  نے نوید قمر سے کاغذ لے کر کچھ تحریر کر کے شیری رحمان کے ہاتھوں پرچی وکلاء نشستوں پر بیٹھے فاروق ایچ نائیک کو بھجوائی۔ فاروق ایچ نائیک نے عدالت سے سپیکر پر آرٹیکل 6 لگانے کا کہا جس پر اٹارنی جنرل نے برجستہ کہا آرٹیکل 6 جن پر لگا ہے ان پر تو لگا لیں جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔ فاروق ایچ نائیک کی بات پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال بھی مسکرا دیئے۔ فاروق ایچ نائیک اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر احسن بھون سے جاکر انکی نشستوں پر ملے۔

ای پیپر-دی نیشن