چین ، سعودی عرب، تا جکستان کے وزرائے خارجہ، سیکرٹری جنرل او آئی سی پاکستان پہنچ گئے
اسلام آباد/ لاہور (خبر نگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا48واں باقاعدہ اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے۔ یہ دو روزہ وزارتی اجلاس اتحاد، انصاف اور ترقی کے لئے شراکت داری کے موضوع پر ہورہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں اور مبصر ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطح کے وفود اجلاس میں شرکت کریں گے اور وہ 23 مارچ کی یوم پاکستان پریڈ میں اعزازی مہمان ہوںگے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ عالمی وعلاقائی اہمیت کے معاملات پر غوروخوض سمیت کانفرنس میں فلسطین اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا جائے گا۔ کانفرنس میں اسلام مخالف پروپیگنڈے کی روک تھام کا عزم دہرایا جائے گا۔ کانفرنس میں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی سنگین خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر جموں وکشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ کا وزارتی اجلاس بھی ہوگا۔ وزارتی اجلاس میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے گزشتہ سال دسمبر میں اسلام آباد میں ہونے والے غیرمعمولی اجلاس میں افغانستان میں انسانی مصائب ومشکلات کے تدارک کے لئے کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ چینی، سعودی عرب اور تاجکستان کے وزیر خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب‘ فخر امام اور طاہر اشرفی نے مہمانوں کو خوش آمدید کیا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت فرخ حبیب نے سوموار کو سیکرٹری جنرل او آئی سی ابراہیم اور صدر اسلامک ڈویلپمنٹ بنک ڈاکٹر محمد سلمان الجاسر کا استقبال کرتے ہوئے کیا۔ نمائندہ خصوصی علامہ محمد طاہر محمود اشرفی بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے۔ اسلاموفوبیا پر قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی اجلاس کے حوالے سے اسلام آباد میں گہما گہمی ہیے چینی وزیر خارجہ پہلی بار او آئی سی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ اسلامی ملکوں کے نمائندے پاکستان تشریف لا رہے ہیں۔ پاکستان مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھائے گا۔ افغانستان کیلئے ٹرسٹ فنڈ کے چارٹر پر دستخط کئے جا چکے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ا براہیم طہٰ اور دیگر مہمانوں سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل ’او۔آئی۔سی‘ نے وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا اور کانفرنس کے متوقع بنیادی نتائج پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے اسلامی امہ کو درپیش مسائل اور اس ضمن میں ’او۔آئی۔سی‘ کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ وزرا خارجہ کونسل کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا کیونکہ اس کا انعقاد قیام پاکستان کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر ہورہا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیریوں کی استصواب رائے کی منصفانہ جدوجہد کے لئے ’او۔آئی۔سی‘ کے اصولی موقف اور مسلسل حمایت کو سراہا۔15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے مقابلے کے عالمی دن کے طور پر منانے کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کردہ حالیہ قرارداد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے پاکستان کے اقدام کی ’او۔آئی۔سی‘ اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے حمایت پر خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کے لئے ’ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ‘ کے فعال ہونے کا خیرمقدم کیا۔ سیکریٹری جنرل ’او۔آئی۔سی‘ نے وزرا خارجہ کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کے ساتھ ’او۔آئی۔سی‘ سیکریٹریٹ کی جانب سے مکمل مدد اور تعاون کا وزیر خارجہ کو یقین دلایا۔ اسلامی تعاون تنظیم (او۔آئی۔سی) کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر نے پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی موجودگی میں افغانستان کے لئے ’ہیومینیٹیرین ٹرسٹ فنڈ‘ کے چارٹر پر دستخط کئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹرسٹ فنڈ اسلامی ترقیاتی بینک کی زیر سرپرستی شروع کیاجارہا ہے۔ چارٹر پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں ابتر انسانی صورتحال فوری اقدامات کی متقاضی ہے۔ انہوں نے ’او۔آئی۔سی‘ رکن ممالک، اسلامی مالیاتی اداروں، عطیات کنندگان اور دیگر عالمی شراکت داروں سے ٹرسٹ فنڈ میں عطیات دینے کی درخواست کی۔ وزیر خارجہ نے تین ماہ کی متعین مدت کے اندر ’ٹرسٹ فنڈ‘ کا آغاز کرنے پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر اور ان کی ٹیم کو مبارک دی۔ افغانستان کے لئے نمائندہ خصوصی کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔ اپنی جاری کثیرالجہتی معاشی وترقیاتی امدادی کوششوں کے ساتھ ساتھ پاکستان افغانستان کے لئے پانچ ارب روپے کے امدادی پیکج کا پہلے ہی اعلان کرچکا ہے۔ سنگین انسانی مسائل کے پیش نظر افغان عوام کی مدد کے لئے پاکستان اپنے پختہ عزم پر کاربند ہے۔ کویتی وزیر خارجہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب اور طاہر اشرفی نے کویتی وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ نائیجر کے وزیر خارجہ ہشومی مسوتو، صومالیہ کے وزیر خارجہ عابدی سید موسیٰ علی بھی اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تاجکستان اور تیونس کے ہم منصبوں نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تاجکستان کیہم منصب سراج الدین مہرالدین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ویژن سنٹرل ایشیا پالیسی کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ بہتر اور نتیجہ خیز روابط قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ امریکہ کی انڈر سیکرٹری عذرا ضیا اسلام آباد پہنچ گئیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عذرا ضیا او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچی ہیں۔ امریکی انڈر سیکرٹری عذرا ضیا نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات‘ علاقائی اور عالمی صورتحال اور افغانستان کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے 48 ویں وزراء خارجہ اسلامی تعاون تنظیم کانفرنس کے وفود کی سائیڈ لائن ملاقاتیں محترمہ الریکا سینڈ برگ، سفیر تنظیم برائے اسلامی تعاون ، بین الثقافتی وبین المذاہب مکالمہ، سویڈش سفیر ہنرک پرسن کی وزیر مذہبی امور سے انکے دفتر میں ملاقات سویڈن حکومت پاکستان کی مذہبی آزادیوں کے حوالے سے پالیسی کو سراہتا ہے۔ پروفیسر قطب مصطفی ثانو، سیکرٹری جنرل، عالمی اسلامک فقہی اکیڈمی، سعودی عرب کی وزیر مذہبی امور سے ملاقات ہوئی۔