• news

وقت آنے پر اپوزیشن کو چو نکا دونگا: عمران ، ارکان اسمبلی کی ملاقا تیں ، مکمل اظہار ا عتماد

اسلام آباد (عبدالستار چو ہدری ) پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقاتوں میں پارٹی قائد پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ارکان سے ملاقات میں ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والے ارکان کو سماجی بائیکاٹ کا سامنا کرنا پڑے گا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر آج انہوں  نے پیسوں کی خاطر وفاداری تبدیل کرنے والوں کے سامنے لچک دکھائی تو دو ماہ بعد بجٹ کی منظوری میں پھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اس لئے انہوں نے اصولی فیصلہ کیا ہے کہ فلور کراسنگ کی لعنت کو ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی اور اتحادیوں کیلے بھی لامحدود مطالبات کے سامنے سرتسلیم خم نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ارکان کو یقین دھانی کروائی ہے کہ ان کے پاس کارڈز موجود ہیں جو وقت آنے پر سامنے لائیں جائیں گے اور اپوزیشن کو چونکا دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ نے وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے وزیراعظم کو اپنی مکمل اور غیر مشروط حمایت کی یقین دھانی کروائی۔ ذرائع کے مطابق غلام بی بی بھروانہ نے وزیراعظم کو یقین دھانی کروائی کہ وہ پارٹی کے ساتھ ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے لڑنے کی خواہشمند ہیں ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ وزیراعظم سے ناراض ہیں اور انہوں نے اگلا الیکشن ن لیگ کے ٹکٹ سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ فیصل آباد ڈویژن سے منتخب پی ٹی آئی کے 8 اراکین قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں جانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان میں خاتون رکن قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ بھی شامل ہیں۔  ادھر کراچی کے اراکین قومی اسمبلی نے بھی وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر قائد کے اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں آفتاب صدیقی، سیف الرحمان، عطا اللہ، اکرم چیمہ، فہیم خان، اسلم خان، عالمگیر خان، عبدالشکور شاد، کیپٹن جمیل، آفتاب جہانگیر، صائمہ ندیم اور نصرت وحید شامل تھیں۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی انجینئر نجیب ہارون اور عامر لیاقت حسین اس ملاقات میں موجود نہیں تھے۔ اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عامر لیاقت حسین کو بھی ملاقات کے لیے بلایا تھا تاہم عامر لیاقت حسین وزیراعظم سے ون ٹو ون ملاقات کرنے کے خواہش مند ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں اراکین نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی رکن نجیب ہارون حال ہی میں پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا استعفی قیادت کو بھیج دیا تھا لیکن وہ منظور نہیں کیا گیا تھا۔  دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وزیر دفاع پرویزخٹک اور معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگرکے ہمراہ ارکان اسمبلی  میاں محمد شفیق، شاہد احمد اور رکن صوبائی اسمبلی نذیر احمد چوہان نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری مختلف حکومتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے پیر کو یہاں اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سیلمان الجاسر نے ملاقات کی جو اسلامی تعاون تنظیم کی وزرا خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ اور قابل اعتماد شراکت داری ، توانائی، مالیات، مواصلات، تعلیم اور صحت جیسے مختلف شعبوں میں اس کی مدد کااعتراف کیا۔  کوویڈ ویکسین کی خریداری کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون کو بھی سراہا۔ وزیراعظم عمران خان سے تاجکستان کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی، وزیراعظم نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کو جلد حتمی شکل دنے پر زور دیا۔ وزیراعظم عمران خان سے آذربائیجان کے وزیر دفاع ذاکر حسنوف نے ملاقات کی جس میں پاکستان آذربائیجان کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات پر گفتگو ہوئی جبکہ وزیراعظم نے دو طرفہ تجارت، سیاحتی رابطوں کے فروخ کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر دفاع حسنوف نے آذربائیجان کے صدر کی طرف سے وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی۔ آذری وزیر دفاع نے کہا آذربائیجان کی مسلح افواج کا دستہ 23 مارچ کو پریڈ میں شرکت کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان سے مصر کے وزیر خارجہ نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔بوسنیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بسیرا ترکو ویک نے بھی ملاقات کی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہمارے سارے معاشی اعشاریے درست ہیں اور ملک ترقی کے رستے پر چل نکلا۔ عمران خان نے اسلام آباد میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے نئے شعبہ حادثات اور  300 بستروں پر مشتمل  جناح ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں طبقاتی تعلیمی نظام بنا ہوا ہے، انگریزی زبان طبقاتی امتیاز بن گئی، انگریزی بولنے والا اپر کلاس اور باقی لوئر کلاس کہلانے لگے، ہم پر یہ اتنا بڑا غلامی کا بوجھ ہے، لوگ پڑھا لکھا ہونا ثابت کرنے کیلئے انگریزی میں چند جملے بول کر پھر اردو بولتے ہیں، احساس کمتری کا یہ نظام نوآبادیاتی نظام تعلیم کی وجہ سے ہے جسے پچھلی حکومتوں نے تبدیل نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تعلیم اور صحت کے شعبوں پر کام کیا، معیشت کو ٹھیک کیا، آج ہمارے سارے معاشی اعشاریے درست سمت میں ہیں، ہمیں کسی کے سامنے غلامی نہ کرنی پڑے اور ہم ایک خودار قوم بنیں، ہمارے حکومتی نظام میں میرٹ ختم ہوگیا ہے اور کرپشن کی اجازت ہے، اسے ٹھیک کرنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ جو بنا ہوا ہے کہ سینئر ہی اوپر آئے گا ٹھیک نہیں۔ اگر سینئر اچھا چیف ایگزیکٹو نہیں بن سکتا تو جو بہترین ہے اسے اوپر لے کر آنا چاہئے۔ تقرری اور ترقی میرٹ پر ہونی چاہئے۔ ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی تصاویر لگا کر سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کی شناخت کرلی گئی ہے، ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مہم چلانے والے عناصرکے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف ایف آئی اے کارروائی کرے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن