• news

آرمی چیف سے مصر، از بکستان کے وزراء خارجہ کی ملاقا تیں ، تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) مصر کے وزیر خارجہ سمیح حسن شکری نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دفاع و سلامتی کے تمام شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان حقیقی برادرانہ تعلقات ہیں، انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی 48ویں کونسل کے اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے اسے افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور عالمی برادری کو ایک مشترکہ ویژن اور مشترکہ حکمت عملی پر لانے کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ابھرتے ہوئے چیلنجوں کا حل تلاش کیا جا سکے۔ مصری وزیر خارجہ نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے نائب وزیر خارجہ فرقت صدیقوف نے پیر کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جس کی جڑیں مذہبی وابستگی اور مشترکہ اقدار کے حوالے سے گہری ہیں۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انہوں نے او آئی سی کی 48ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن