کوئٹہ میں مہنگائی :قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر بڑھنے لگیں
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی کوئٹہ میں رمضان سے پہلے مہنگائی کی نئی لہر آ گئی، دالیں، چاول ، بیسن ، گھی اور تیل کی قیمتوں میں فی کلو 70روپے تک کا اضافہ ہو گیا۔صارفین کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں کھانے پینے کی چیزیں روزانہ کی بنیاد پر مہنگی ہونے لگی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چنے، لوبیا، دالیں اور مختلف اقسام کے چاول کی قیمت میں فی کلو 40روپے تک کااضافہ ہوا، بیسن 35 روپے کے اضافہ کیساتھ 135روپے تک فروخت ہونے لگا۔ بنیادی اشیاء خوردونوش مہنگی ہونے سے لوگوں کی مالی پریشانی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔دوسری جانب بازارمیں تمام کمپنیوں کے گھی اورتیل کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں، گزشتہ 15دنوں کے دوران تیل اور گھی کی قیمت میں فی کلو 70روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔چھوٹے کاروباریوں کا موقف ہے کہ رمضان کے موقع پر زیادہ منافع کمانے کیلئے ذخیرہ اندوز مافیا سرگرم ہوگیا ہے اور مصنوعی مہنگائی کی جا رہی ہے۔