چینی سرمایہ کاروں نے ملکی مارکیٹوں کا رخ کر لیا
کراچی ( کامرس رپورٹر) چینی سرمایہ کاروں کی پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میںبڑھتی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے معاشی ماحول اور قانونی فریم ورک کو سمجھیں۔گوادر پرو نیوز ایجنسی کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تبادلوں کو مضبوط بنانے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ چینی کاروباری ادارے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی مارکیٹ میں آرہے ہیں۔گوادر پرو کے مطابق آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن کے تعاون سے انڈسٹریل اینڈ کمرشل بنک آف چائنہ لمیٹڈ کراچی برانچ کے سینئر قانونی مشیر زیاد منور شیخ کے پاکستان کے قانونی جائزہ پر ایک آن لائن لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔چین کی مالی اعانت سے چلنے والے اداروں کے تقریباً 80 نمائندوں نے اس لیکچر میں شرکت کی اور اس موقع پر کنٹریکٹ قانون اور دیگر مسائل پر ان کے سوالات کے جوابات دیئے گئے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ پاکستان کے متعدد ممالک کیساتھ دوطرفہ اور کثیرالطرفہ تجارتی معاہدے ہیں۔وہ ڈبلیو ٹی ا و اور جنوبی ایشیا فری ٹریڈ ایریا کا رکن ہے اور چین کے ساتھ اس کا آزاد تجارتی معاہدہ ہے۔