پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی 13سال بعد ورلڈ کپ میں پہلی جیت
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ 2022 میں پہلی فتح اپنے نام کرلی۔ خواتین ٹیم 2009 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کوئی میچ جیتی ہیں۔پاکستان کا ویمنز ورلڈ کپ میں جیت کے لیے 13 سال کا طویل انتظار ختم ہو گیا، پاکستانی ٹیم نے ہیملٹن کے سیڈن پارک میں بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان کو 20 اوورز میں 90 رنز کا ہدف ملا، پاکستان کی ندا ڈار نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی صرف 3 بیٹرز ڈبل فگرز اننگز کھیل سکیں۔ ڈیانڈرا ڈوٹن نے 27 رنز بنائے جب کہ کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے 18 رنز بنائے۔ ایفی فلیچر 12 رنز بنا سکیں۔پاکستان کی طرف سے ندا ڈار نے 4 اوورز میں 10 رنز دے کر 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ نشرح سندھو، فاطمہ ثنا اور عمیمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پاکستان کی طرف سے اوپنر منیبہ علی 37 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ بسمہ معروف کے 20 اور عمیمہ سہیل کے 22 رنز بنائے۔