• news

93 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اظہر علی کا خواب 12سال بعد پورا ہوگیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر)93 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اظہر علی کا خواب 12سال بعد پورا ہوگیا۔اظہر علی لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی سکواڈ میں شامل ہیں۔پی سی بی کے مطابق شایداظہر علی وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے پر کیلئے 12 سال کا طویل انتظار جھیلنا پڑا۔جولائی 2010 کے دوران لارڈز کے میدان میں آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو کے بعد اظہر علی نے اب تک 93 ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں سے ایک میچ بھی ہوم گراؤنڈ پر نہ کھیل سکے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اظہر علی کا کہنا تھا میں بہت جذباتی محسوس کررہا ہوں کیونکہ جب لاہور کے قذافی سٹیڈیم سے گزرتے تھے تو خواہش ہوتی تھی کہ ملک کیلئے اس اسٹیڈیم میں بھی کھیلوں،دنیا بھر میں کھیلتے ہیں لیکن پاکستان میں نہیں کھیل سکتے تھے۔انہوں نے کہاکہ میرے لیے خوشی کا موقع ہے کہ بلآخر آج میں فیملی اور دوستوں کے سامنے اپنے گراؤنڈ میں کھیلوں گا جہاں میرے اہل خانہ بھی میچ دیکھنے آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن