او آئی سی کانفرنس: حکومت‘ اپوزیشن سیاسی ٹمپریچر کم کریں: چودھری سرور
لاہور (لیڈی رپورٹر + نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ توقع ہے کہ پارٹی ٹکٹ پر کامیاب ارکان اسمبلی وزیراعظم کے خلاف ووٹ نہیں دیں گے، آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے سپریم کورٹ جانے کا حکومتی فیصلہ سو فیصد درست ہے۔ یہ واضح ہو جانا چاہیے کہ فلور کراسنگ کرنے والوں کو کیا سزا ملے گی۔ تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کیلئے 172ووٹ پورے کرنا اپوزیشن کی ذمہ داری ہے۔ حکومت آئینی اور جمہوری طریقے سے ہی مقابلہ کرے گی۔ وہ گزشتہ روز لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے 17 ویں کانووکیشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ جبکہ گورنر نے برطانوی پارلیمنٹ کی رکن نوشینا مبارک کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا اور پوزیشن ہولڈر طالبات میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔ یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ پہلے سیشن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور جبکہ دوسرے سیشن میںجسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال مہمان خصوصی تھیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر اخوت فاونڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی ملازمین کیلئے ڈسپیرٹی الاؤنس کی منظوری کے لئے گورنر پنجاب و چانسلر چوہدری محمد سرور سے درخواست کی۔ جس کے جواب میں گورنر پنجاب نے سنڈیکیٹ سے منظوری لینے والی یونیورسٹیز کو ڈسپیرٹی الاؤنس جاری کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ چوہدری سرور نے کہا ہمارے لیے سب سے زیادہ اہم ملکی اور قومی مفادات کا تحفظ ہے، او آئی سی کانفرنس کے لیے سب کو چٹان کی طرح متحد ہونا چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی ٹمپریچر کم کرنے کا مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو او آئی سی کانفرنس کے موقع اپنے سیاسی مفادات کو بھول کر ملک کا سوچنا چاہئے۔