یوم پاکستان پر مبارکباد کے پوسٹر چسپاں ، حد بندی کمشن کی رپورٹ کیخلاف احتجاج
سرینگر (این این آئی + کے پی آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بدھ کو منائے جانے والے یوم پاکستان سے قبل سرینگر اور دیگر علاقوں میں مبارکباد ی کے پیغامات کے ساتھ پوسٹرز چسپاں کئے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر تحریک آزادی ،کشمیر ریزسٹنس موومنٹ، کشمیر حریت یوتھ فورم اور جموں وکشمیر جسٹس لیگ کی جانب سے چسپاں کیے گئے پوسٹروںپر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، پاکستانی وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اورکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی تصاویر لگی ہیں اوران میں پاکستانیوں کو ان کے قومی دن کی مبارکباد دی گئی۔پوسٹروں میں’’ایک قوم، ایک نعرہ، ایک منزل‘‘ کا پیغام درج ہے جبکہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ کے خلاف پنچایتی راج اداروں کے منتخب اراکین اورسیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنمائوں نے جموں کے علاقے اکھنور میں ایک زبردست احتجاجی ریلی نکالی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مائرہ مندریاں اور چوکی چورہ تحصیلیں کھور اسمبلی حلقے کا حصہ ہوں گی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے بی ڈی سی کے رکن راہول دیو شرما نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حد بندی کمیشن نے زمینی صورتحال کو جانے بغیررپورٹ مرتب کیا ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی سے سب سے زیادہ نقصان جموں والوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے کیوں کہ نہ صرف تجارت اور اقتصادیات بلکہ جموں کی تمدنی شناخت بھی دائو پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی صنعت کاروں اور تجارتی گھرانوں کو یہاں لالچ دیا جا رہا ہے۔