نواز شریف واپس آ کر جیل کاٹو‘ یاسمین راشد‘ گوجرانوالہ ڈویژن میں صحت کارڈ کا افتتاح
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ "نیا پاکستان قومی صحت کارڈ" سہولت پروگرام کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن کے47 لاکھ 50 ہزار افراد صحت کارڈ کے اہل ہوں گے۔ صحت مند معاشرے کی طرف وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا اہم اقدام ہے جس کی بدولت غریب مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات بآسانی میسر آ ئیں گی۔ یہ کارڈ ہر سال نیو ہو گا۔ ان خیالات اظہار انہوں نے قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے تقسیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یاسمین راشد نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بعد واحد مرد مجاہد لیڈر ہیں جو امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے۔ قوتیں عمران کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے عوام کو دھوکا د ینے کے ساتھ ساتھ چونا لگا رہے ہیں جو کہ بہت شرم کی بات ہے۔ آپ نے ساری عمر عوام کو چونا لگایا اور اگر آپ چونا نہ لگاتے اور دھوکا نہ دیتے تو محلات تعمیر نہ ہوتے۔ میں حمزہ شہباز کو چیلنج کرتی ہوں کہ میرے ساتھ بات کرو ہم کونسا غلط کام کر رہے ہیں تو لوگوں کو کھانسی ہو تو لندن یا امریکہ علاج کرواتے ہو، نواز شریف تم واپس آئو جیل کاٹو ہم تمہارا علاج کرائیںگے۔ تم واپس آ کر حساب کتاب دو ‘جیل کاٹو‘ تمہیں کچھ نہیں ہو گا۔ قبل ازیں سیکرٹری سپشلائزڈ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا عثمان بزدار کے بے حد مشکور ہیں کہ جنہوں نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام شروع کیا۔