ہائیکورٹ‘ قرآن پاک نہ پڑھانے والے سرکاری سکولوں کے اساتذہ کے خلاف کارروائی کا حکم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سیکرٹری سکولز کو سرکاری سکولوں میں قران پاک نہ پڑھانے والے اساتذہ کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری سکولز سے آئندہ سماعت پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔ عدالت نے سیکرٹری سکولز کو حکم دیا کہ آپ الرٹ جاری کریں جہاں قران پاک کی تعلیم نہ دی جاری ہوا، اس پر والدین آپ سے شکایت کر سکتے ہیں۔ اساتذہ نے کتنے پیریڈ قران پاک پڑھائے؟ اس حوالے سے بھی رپورٹ بنائیں، استفسار پر سیکرٹری سکولز نے بتایا سکولوں میں قران پاک کی تعلیم شروع ہوگئی ہے اور عدالتی حکم کی تعمیل ہوگی، سرکاری وکیل نے عدالت کے روبرو استدعا کی کہ ایڈووکیٹ جنرل آنکھ کے آپریشن کے باعث پیش نہیں ہو سکے، سماعت ملتوی کی جائے۔