کنول شوزب کیس میں وفاقی وزیر اسد عمر عدالتی معاون مقرر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکمران جماعت کی رکن قومی اسمبلی کنول شوزب کیس میں وفاقی وزیر اسد عمر کوعدالتی معاون مقرر کر دیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے اس عدالت کے خلاف سیاسی طور پرکمپین شروع کر دی گئی۔جب معاملہ یہاں زیر التوا ہے تو حقائق کے توڑ مروڑ کر پیش کرنا درست نہیں۔ اسد عمر اسی پولیٹیکل پارٹی کے ہیں، ان پرمکمل اعتماد ہے، وہ ریکارڈ دیکھ کر عدالت کی معاونت کریں گے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی تو ایم این ای کنول شوزب کے وکیل محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ان سے پوچھا کیا آپ نے دونوں کیسز دیکھے ہیں ریلیف کس کو ملا تھا؟اس کیس میں پبلک آفس ہولڈر کنول شوزب کو ریلیف ملا تھا۔ عدلیہ کے خلاف سیاسی کمپین شروع کی گئی یہ مناسب نہیں ہوتا۔ اظہر صدیق نے کہا ہم یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ عدلیہ یا ججز کے خلاف کوئی کمپین چلائی جائے۔ سوشل میڈیا کو ریگولیٹ ہونا چاہئے، عدالت کیس پر بات کرنے کی پابندی لگائے۔ چیف جسٹس نے کہا عدالت نے بات کرنے سے کسی کو نہیں روکا، اس عدالت میں ایک کیس زیر التوا ہے، آپ کو اس متعلق خود احتیاط کرنی چاہیے، آپ اپنی کلائنٹ کو سمجھائیں، اگر انہیں کوئی شکائت ہے تو وہ بھی بتائیں اسے دور کریں گے۔