2 دن میں مسائل حل نہ ہوئے تو اپوزیشن کے ساتھ ڈی چوک احتجاج کریں گے: نعیم میر
لاہور (کامرس رپورٹر )آل پاکستان انجمن تاجران لاہور نعیم میر گروپ نے جبری سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کے خاتمے کے لئے دو دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے خاتمے سمیت تاجر برادری کے مسائل حل، مطالبات پورے نہ کئے جانے کی صورت میں حکومت کے خلاف اپوزیشن کی احتجاجی تحریک میں شامل ہو جائیں گے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے اپنے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کو دو دن کا ٹائم دے رہے ہیں کہ حکومت جبری سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن سمیت تاجر برادری کے مسائل کا خاتمہ کرے ورنہ تاجر برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے اپوزیشن کیے ساتھ مل کر 27 مارچ کو اسلام آباد ڈی چوک میں بھر پور احتجاج کریں گے۔ اس موقع پر تاجر رہنما میاں خلیل عبیر، سہیل محمود بٹ، حافظ رضوان بٹ، رانا ندیم، ودیگر نے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کو حکومت کے خلاف بھر پور احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر کے فیصلے پر لاہور کی تاجر برادری اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر قسم کے احتجاج میں شریک ہو گی۔