• news

تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول پر، کپاس کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ

رحیم یار خان(بیورو رپورٹ)تربیلا ڈیم میں پانی ڈیڈ لیول پر، کپاس کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ۔تفصیلات کے مطابق بارشیں کم ہونے کے باعث گلیشیئرز سے برف کم پگھلنے کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کے ذخائر میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے جس کے باعث گزشتہ روز تربیلا ڈیم میں پانی کے ذخائر ایک ہزار392فٹ تک گر گئے جس کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ صوبوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تربیلا ڈیم میں جتنا پانی آ رہا ہے روزانہ کی بنیاد پر اتنا ہی پانی صوبوں کو دیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق بیس مارچ کو تربیلا ڈیم میں 32ہزار کیوسک پانی کی آمد اور اتنا ہی اخراج ہوا تھا تاہم منگلا ڈیم میں پانی کی مقدار حوصلا بخش بتائی جا رہی ہے اور ذرائع کے مطابق بیس مارچ کو منگلا ڈیم میں پانی کی مقدار ایک ہزار89 فٹ تھی جبکہ پانی کی آمد 43ہزار804 کیوسک جبکہ اخراج پندرہ ہزار کیوسک تھا جس سے توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران منگلا ڈیم میں پانی کے ذخائر مزید بہتر ہو جائیں گے۔ماہرین کے مطابق درجہ حرارت میں بہتری کے باعث توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ پہاڑوں پر برف پگھلنے کی رفتار میں تیزی متوقع ہے جس کے بعد تربیلا ڈیم میں بھی پانی کے ذخائر مزید بہتر ہونے کے روشن امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن