ہمارے ممبران کو 20، 20 کروڑ کی آفر کی گئی، کچھ بک گئے: شفقت محمود
لاہور، فیصل آباد (نیوز رپورٹر، نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر وصدر تحریک انصاف پنجاب شفقت محمود اور صوبائی وزیر و جنرل سیکرٹری راجہ یاسر ہمایوں اور مسرت جمشید چیمہ نے فیصل آباد ڈویژن اور سرگودھا کا ہنگامی دورہ کیا۔ موجودہ سیاسی صورتحال اور 27مارچ کے جلسے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ شفقت محمود نے کہا کہ 27مارچ کو پاکستانی عوام ثابت کریں گے کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور ملک بھر سے جوق در جوق قافلے ڈی چوک اسلام آباد پہنچیں گے اور 27 مارچ کا جلسہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔ عدم اعتماد کا شور مچانے والوں کو شرمندگی اور ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ اپوزیشن بیرونی طاقتوں کے سازشی ایجنڈے کے ذریعے جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے۔ راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ جس طرح اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ضمیر خریدنے کے لیے بولیاں لگائی گئی ہیں اس پر پوری قوم شرمندہ ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ ہمارے ممبران کو20-20 کروڑ کی آفر کی گئی جبکہ یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ کچھ بک گئے ہیں ان کے لئے کوئی جگہ نہیں، باقی سب واپس آسکتے ہیں کیونکہ وزیر اعظم نے معافی کا اعلان کردیا ہے۔ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں جبکہ ترین گروپ سے بات چیت جاری ہے آنے والے دنوں میں دیکھیں گے کیا ہوتا ہے؟۔