و آئی سی اجلاس میں 40 وزرائے خارجہ 2 نائب‘ 250 مندوب شریک : جھلکیاں
اسلام آباد (فرحان علی) اسلا می تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا افتتاحی سیشن پارلیمنٹ ہائوس میں گیارہ بج کر بیس منٹ پر ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان اجلاس میں گیارہ بج کر پندرہ منٹ پر آئے اور مرکزی نشست پر براجمان ہوئے۔ وزیراعظم کے دائیں جانب سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی تشریف فرما تھے جبکہ وزیراعظم عمران خان کے بائیں جانب سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہ، نائیجر کے وزیر خارجہ اور موجود صدر او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل ہشومی مسوتو اسلامی تشریف فرما تھے۔اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے شرکت کی جبکہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، کنونیئر حریت کانفرنس فیض نقشبندی، غلام محمد صفی نے ا سمبلی ہال میں وزرائے خارجہ کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال بیان کرنے کے لیے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ وفاقی وزراء میں فواد چوہدری، شوکت ترین، اسد عمر، ملک امین اسلم، زرتاج گل، علی محمد خان، بابر اعوان، شیخ رشید، شہریار خان، شبلی فراز، سابق وزیر داخلہ اعجاز شاہ، خواتین ممبران نیشنل اسمبلی، سینیٹرز، گورنرز، ڈپلومیٹس نے مہمان گیلری کی نشستوں پر بیٹھ کر شرکت کی۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی تاریخ اور پاکستان کی جانب سے امن کے پیغام سے شرکاء کو ویڈیو کلپ کے ذریعے آگاہ کیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نائیجر کے وزیر خارجہ، او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے موجود صدر ہشومی مسوتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کے ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا ہو گا۔ او آئی سی کے نیامے میںہونے والے 47ویں اجلاس میں بہت سی قراردادیں منظور ہوئیںلیکن عملدرآمد ناگزیر ہے۔ نائیجر نے او آئی سی وزارتی کونسل کی چیئرمین شپ پاکستان کے حوالے کرتے ہوئے نائیجر کے وزیر خارجہ و صدر ہشومی مسوتو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گائون دے کر صدارت حوالے کی جبکہ فلسطین، یمن اور کیمرون نائب چیئرمین ہوں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بحیثیت سربراہ وزارتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ وزارتی اجلاس پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر منعقد ہو رہا ہے۔ او آئی سی، اسلام کی حقیقی اساس بھائی چارے، اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہے، مسلم امہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس اور یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے 40 وزرائے خارجہ، 11 نائب وزیر خارجہ، 850 مندوبین اورسفیر آئے ہیں ۔ اجلاس میں روس، چین، امریکہ سمیت 15ممالک نے بحیثیت مبصر یا خصوصی حیثیت شرکت کی۔ اجلا س کے دوران تقریباً 80 فیصد اجلاس کے شرکاء سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہ کی تقریر کے دوران عدم دلچسپی کے ساتھ موبائل فونز استعمال کرتے رہے۔