• news

کشمیریوں کو قرارداد پاکستان سے تحیک ملتی ہر ، حریت کانفرنس :23مارچ پر مبارکباد

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ‘ کے پی آئی) بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کی کل جماعتی حریت کانفرنس نے یوم پاکستان پر مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم پاکستان پر مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی‘ خوشحالی اور استحکام کے لئے دعا کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ قرارداد پاکستان جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے اہم واقعہ ہے۔ قرارداد پاکستان نے خطے کے مسلمانوں کو نئی توانائی و حوصلہ دیا۔ کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے۔ آزادی کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کو قرارداد پاکستان سے تحریک ملتی ہے۔ ادھر وادی میں تین مختلف واقعات میں تین افراد مارے گئے۔ ان میں سے ایک کو وسطی کشمیر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ ایک نوجوان کی نعش کشتواڑ سے ملی ہے۔ جبکہ وسطی ضلع بڈگام میں منگل کی صبح ایک پانچ سالہ بچہ پھسل کر ایک ندی میں گرجانے سے لقمہ اجل بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق  وسطی کشمیر میں بڈگام کے گوتہ پورہ سائیہ بگ گائوں میں واقع ایک 33سالہ نوجوان کو اس کی رہائش گاہ کے نزدیک گولیاں مار دی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن