جنرل ندیم رضا سے آذربائیجان کے وزیر دفاع کمانڈر نیشنل گارڈ بحرین کی ملاقاتیں
راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف اور کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان اور برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعلقات کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے باہمی تعلقات اور تعاون کے مختلف امور سمیت موجودہ علاقائی صورتحال بالخصوص افغانستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ معززین نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز پر معززین کو پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈآف آنر پیش کیا۔