موسوی نے پاکستانی سیاست کو اپنے لئے شہرت، مال کمانے کا ذریعہ بنایا
اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) غیر ملکی اثاثہ جات ریکوری فرم براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے پاکستانی سیاست کو اپنے لئے شہرت اور مال کمانے کا ذریعہ بنایا، ملک کے نازک سیاسی حالات میں مزید ہلچل پیدا کرنے کیلئے اپنے ہی بیانات سے مکر گئے۔ انتہائی مشکوک شہرت کے حامل کاوے موسوی نے اپنے حالیہ انکشاف میں کہا ہے کہ وہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے معافی چاہتے ہیں کیونکہ دودہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے ایک روپیہ کی کرپشن کا معمولی ثبوت بھی نہیں ملا۔ اس سے قبل گزشتہ برس کاوے موسوی نے حکومت پاکستان سے تقریبا چار ارب روپے کی خطیر رقم جرمانے کی مد میں وصول کی تھی کیونکہ حکومت پاکستان برطانوی عدالت میں جرمانے کا یہ مقدمہ ہار گئی تھی۔ عمران حکومت کو برطانیہ میں ایک ارب ڈالر مالیت کے ایک مشکوک بنک اکائونٹ کی نشاندہی کرنے کا بھی دعوی کیا۔ موسوی نے یہ دعوی بھی کیا تھا کہ اگر عمران حکومت ان کے ساتھ معاہدہ کر لے تو وہ شریف خاندان کے خلاف جمع کئے گئے شواہد پاکستانی حکومت کے حوالے کر سکتے ہیں۔