پاکستان کپ : سنٹرل پنجاب نے خیبر پی کو شکست دیدی ‘سیمی فائنل دوڑ برقرار
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سنٹرل پنجاب نیرضوان حسین کی سنچری کی بدولت خیبرپی کے کو 15 رنز سے ہراکر پاکستان کپ کے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں روشن کرلی ہیں۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپی کے کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں۔راولپنڈی میں خیبرپی کے کی ٹیم 267 رنز کے تعاقب میں 253 رنز ہی بناسکی۔ فیصل آباد میں بلوچستان نے ناردرن کو 7 رنز سے ہرادیا۔ 303 رنز کے تعاقب میں ناردرن کی ٹیم 6 وکٹوں پر 295 رنز بناسکی۔ ملتان میں سدرن پنجاب نے سندھ کو 46 رنز سے شکست دیدی۔ 315 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم 268 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ضیاء الحق نے 3 اور سلمان علی آغا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اوپنر صائم ایوب 82 اور سہیل خان 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔ فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے تھے۔ عمران رندھاوا نے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ حسان خان 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے۔ شرون سراج نے 57 رنز بنائے۔ سہیل خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔