• news

iریونیو ڈیپارٹمنٹ میں دور رس اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں:  بابر حیات تارڑ`

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں جدید اور انتہائی دور رس اصلاحات متعارف کروائی جارہی ہیں جن کا بنیادی مقصد اس محکمہ کو حقیقی معنوں میں عوام دوست اور شفافیت کا حامل ایسا ادارہ بنانا ہے جس کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری اپنی مثال آپ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جدید کمپیوٹرائزڈ ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبہ بھر میں ریونیو ریکارڈکو مکمل طور پرکمپیوٹرائز کیا جارہاہے اور دیہی مراکزمال ڈیجیٹل گرداوری، رونامچہ واقعاتی، لال۔کتاب، زمینوں کے ریکارڈ کی کیڈسٹرل میپنگ، ریونیو کورٹ کیسزکی ڈیجٹائزیشن، مینجمنٹ  اور دیگر اصلاحات اس وژن کو حقیقت بنانے کی جانب عملی پیش رفت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس گوجرانوالہ میں ریونیو افسروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ احسان بھٹہ ڈپٹی کمشنر دانش افضال، ایڈیشنل کمشنر ریونیو حسین رضا چوہدری اور دیگر افسر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ بابر حیات تارڑ نے قبل ازیںڈپٹی کمشنر آفس میں ریونیو ریکارڈ بلاک اور تحصیل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا ان ترقیاتی منصوبوں پر 13 کروڑ سے زائد لاگت آئے گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کامونکی کے دفتر کی تعمیر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس پر کم وبیش 2 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے دیہی مرکز مال ایمن آباد کا دورہ کیا اور  ریونیو سروسز کی فراہمی کا جائزہ لیا۔انہوں نے ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے گردآوری کے عمل کو بھی چیک کیا۔ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں ریونیو ریفارمز پر پوری لگن اور محنت سے کام کیا جارہا ہے اس کے علاوہ اب تک 137 دیہی مراکز مال مکمل طور پر آپریشنل کردیئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن